آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار خان کا سپیشل برانچ ہیڈ کوارٹرز رابرٹس کلب کا دورہ، آر اوز اجلاس کی صدارت کی۔

آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار خان کا سپیشل برانچ ہیڈ کوارٹرز رابرٹس کلب کا دورہ، آر اوز اجلاس کی صدارت کی۔
 افسران و اہلکار کمفرٹ زون سے نکلیں اور محنت و دلجمعی کے ساتھ فرائض کی ادائیگی یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب
 میرا فیورٹ وہ ہے جو کام کرے گا اور جو کام نہیں کرے گااسے جوابدہ ہونا ہو گا۔ عامر ذوالفقار خان
صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور سماج دشمن عناصر کی سرگرمیوں پرخاص نظر رکھتے ہوئے رپورٹس بھجوائی جائیں۔ عامر ذوالفقار خان
ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ روزانہ ویڈیو لنک کے ذریعے آر اوز سے علاقائی صورتحال بارے پراگریس رپورٹ لیں۔ آئی جی پنجاب
کالعدم تنظیموں اور نقصِ امن میں ملوث سماج دشمن عناصر کی سرگرمیوں کی بھرپور مانیٹرنگ جاری رکھی جائے۔ آئی جی پنجاب
سپیشل برانچ اپنی انکوائری رپورٹس کو ایمانداری، شفافیت اور غیر جانبداری کے ساتھ بھجوائیں۔ عامر ذوالفقار خان
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عامر ذوالفقار خان نے کہاہے کہ سپیشل برانچ پنجاب پولیس کی انتہائی اہم فارمیشن ہے جس کی انٹیلی جنس رپورٹس صوبے کے امن وامان کوبرقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں ۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سپیشل برانچ کے افسران و اہلکار کمفرٹ زون سے نکلیں اور بھرپور محنت و دلجمعی کے ساتھ فرائض کی ادائیگی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ سپیشل برانچ کا کام فیلڈ میں ہے، افسران دفاتر سے نکلیں اور تمام آر اوز اپنے اضلاع میں امن و امان کی صورتحال اور سماج دشمن عناصر کی سرگرمیوں پرخاص نظر رکھتے ہوئے رپورٹس بھجوائیں۔ آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ ویڈیو لنک کے ذریعے آر اوز سے علاقائی صورتحال بارے پراگریس لیں اور ہر ریجن کی صورتحال اور چیلنجز کی موثر مانیٹرنگ کی جائے ۔ عامر ذوالفقار خان نے کہا کہ میرا فیورٹ وہ ہے جو کام کرے گا اور جو کام نہیں کرے گااسے جوابدہ ہونا ہو گا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ کالعدم تنظیموں اور نقصِ امن میں ملوث سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے سپیشل برانچ اور ضلعی پولیس مل کر جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کریں تاکہ ان عناصر کا جڑ سے خاتمہ یقینی ہوسکے۔ انہو ں نے کہا کہ پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میںمکمل ایمانداری، شفافیت اور غیر جانبداری ہر منصب کا تقاضا ہے لہذا رپورٹس کی تیاری میں ان ہدایات پر ہر صورت عمل درآمد کیا جائے ۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ سپیشل برانچ میں نفری کی کمی کو جلد پورا کرنے کے ساتھ ساتھ جدید وسائل کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سپیشل برانچ کے دورے کے موقع پر آر اوز اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں ۔ ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ نے آئی جی پنجاب کو سپیشل برانچ کی مجموعی کارکردگی اور پیشہ ورانہ امور بارے بریفنگ دی۔
آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار خان نے آر او زبہاولپور اور ڈی جی خان کو ہدایت کی کہ وہ ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کے ساتھ میٹنگ کریں اور کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے مستقل خاتمے کیلئے جاری کریک ڈائون کومزید موثر بنائیں ۔آئی جی پنجاب نے اجلاس کے بعد سپیشل برانچ میں پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سپیشل برانچ میں چار برس گذارے ہیں لہذا سپیشل برانچ کی ورکنگ اور مسائل کو بخوبی اندازہ ہے ۔ انہوںنے کہا کہ عوام کی عزت اور بے لوث خدمت ہم پر فرض ہے لہذا تمام افسران واہلکار دوران ڈیوٹی شہریوں کی عزت نفس کے تحفظ کاخاص خیال رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کی عزت سانجھی ہے ہمیں کوئی ایسا کام نہیں کرنا چاہئیے جس سے محکمہ پولیس کے وقار اور تقدس پر آنچ آئے اور شہریوں کی دل آزاری ہو۔ آئی جی پنجاب نے سپروائزری افسران سے کہاکہ وہ سپاہ کے قریبی رابطہ رکھیں اور کمانڈر اور فورس کے درمیان فاصلوںکو ختم کریں ۔ افسران فورس کے ذاتی مسائل سنیں اور انکے ازالے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں ۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ فورس کی کپیسٹی بلڈنگ بھی افسران کی ذمہ داری ہے اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں ۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ مجھے جھوٹ ، دھوکہ اور گروپنگ سے سخت نفرت ہے تمام افسران اپنے سربراہ کی ہدایات پر من و عن عمل درآمد کریں اور اپنی پرفارمنس سے کمانڈر کے دست و بازو بنیں ۔ آئی جی پنجاب نے سپیشل برانچ ہیڈ کوارٹرز میںاہلکاروں کے مسائل سنے اور انکے ازالے کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے ۔ آئی جی پنجاب نے دوران ڈیوٹی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں میں انعامات اور اسناد بھی تقسیم کیں۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ڈی آئی جیز اور ریجنل آر اوز سمیت افسران و اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔دورے کے اختتام پر آئی جی پنجاب نے سپیشل برانچ کے دفتر میں پودا بھی لگایا ۔
 

(ہینڈ آؤٹ 5 )

نایاب حیدر

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

**************************

Press Release Date: 
Tuesday, January 3, 2023