کرسمس کی مناسبت سے سنٹرل پولیس آفس کے مسیحی ملازمین کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد

کرسمس کی مناسبت سے سنٹرل پولیس آفس کے مسیحی ملازمین کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد
آئی جی پنجاب محمد عامر ذوالفقار خان نے مسیحی ملازمین کے ساتھ کرسمس کیک کاٹا اور عیدی تقسیم کی۔
پنجاب پولیس میں خدمات سر انجام دینے والے مسیحی ملازمین محکمے کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ آئی جی پنجاب
صوبہ بھر میں منعقدہ کرسمس پروگرامز اور مسیحی عبادت گاہوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ آئی جی پنجاب
آئی جی پنجاب کا اقلیتی ملازمین کی ویلفیئر کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا حکم

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب محمد عامر ذوالفقار خان نے کہاہے کہ پنجاب پولیس میں خدمات سر انجام دینے والے تمام مسیحی ملازمین محکمے کا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں پولیس سروس میں بہترین ماحول اور پیشہ ورانہ ترقی کے نہ صرف یکساں مواقع دیے جائیں گے بلکہ ان کی ویلفیئر کے لیے ہر ممکن اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ آئی جی پنجاب نے اقلیتی ملازمین کی ویلفیئر کے خصوصی اقدامات کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہاکہ میں پنجاب پولیس کے تمام مسیحی ملازمین کو خراج تحسین پیش کرتاہوں جو اپنے فرائض مکمل ایمانداری، دیانت داری اور لگن سے سرانجام دیتے ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ صوبہ بھر میں منعقدہ کرسمس پروگرامز اور مسیحی عبادت گاہوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں کرسمس کی مناسبت سے مسیحی ملازمین کے اعزاز میں خصوصی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب محمد عامر ذوالفقار خان نے مسیحی ملازمین کے ساتھ کرسمس کیک کاٹا اور عیدی تقسیم کی۔
سنٹرل پولیس آفس میں خدمات سر انجام دینے والے تمام مسیحی ملازمین نے اپنے اعزاز میں سجائی گئی اس تقریب میں شرکت کی۔ ملازمین نے کرسمس کی تقریب کے انعقاد پر آئی جی پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ عامر ذوالفقار خان نے کہاکہ پنجاب پولیس کے سربراہ کی حیثیت سے میں تمام مسیحی ملازمین کو کرسمس کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ پنجاب پولیس ایک فیملی کی طرح ہے اورہم تمام ایک دوسرے کی خوشی و غمی میں برابر کے شریک ہیں۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب، اے آئی جی ایڈمن سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ صوبے کے تمام ریجنز اورا ضلاع میں بھی مسیحی ملازمین کے اعزاز میں تقاریب کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں مسیحی ملازمین کوعید گفٹس دئیے جارہے ہیں۔

 

(ہینڈ آؤٹ 553 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

**************************

 

Press Release Date: 
Friday, December 23, 2022