ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ پولیس پنجاب ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ صوبے میں جرائم کنٹرول اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کو فروغ دیا جا رہا ہے اور پولیس اور عام شہریوں میں اعتماد کی فضا قائم رکھنے کے لیے اوپن ڈور پالیسی اپنائی گئی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی ذوالفقار حمید نے کہا کہ جرائم کی فری رجسٹریشن سے منظم جرائم کے خاتمے میں مدد مل رہی ہے جبکہ انویسٹی گیشن کے نظام کو موثر سپرویعن سے مزید فعال بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس میں احتساب کا عمل مزید تیز کردیا گیا ہے اور پہلے جزا پھر سزا کی پالیسی کے تحت پیشہ ورانہ امور کو چلایا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں 35 ویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس میں شامل افسران سے گفتگو کرتے اور انکے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اسلام آباد میں زیر تربیت 35 ویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس میں شامل افسران نے سنٹرل پولیس آفس کا مطالعاتی دورہ کیا۔
وفد میں 8 خواتین افسران سمیت 16 زیر تربیت افسران اور سپورٹنگ سٹاف شامل تھے۔ ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ ذوالفقار حمید نے وفد میں شامل افسران کو سنٹرل پولیس آفس آمد پر خوش آمدید کہا۔ ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر نے زیر تربیت افسران کو پنجاب پولیس کی جدید سروسز اور ورکنگ بارے بریفنگ دی۔ شرکاء کو پنجاب پولیس کے پبلک سروس ڈلیوری پراجیکٹس، سپیشلائزڈ فورسز سمیت دیگر آپریشنل طریقہ کار بارے بریفنگ دی گئی۔
(روز نامہ اوصاف)
************