Dec 07, 2022
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے شامکے بھٹیاں لاہور میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو اہلکاروں کی شہادت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے، انہیں ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائیگی۔دونوں شہید اہلکاروں کی نمازجنازہ قلعہ گجر سنگھ پولیس لائنزلاہور میں اداکردی گئی جبکہ لاہور پولیس نے ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے شہید اے ایس آئی محمد عاصم اور کانسٹیبل محمد شاہد کی شہادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ دوران ڈیوٹی جام شہادت نوش کرنے والے لاہور پولیس کے دونوں جوان ہمارا فخر ہیں۔۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ محکمہ پولیس ان سپوتوں کی لازوال قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سپروائزری افسران دونوں شہداء کی فیملیز کی ویلفیئر کا بھرپور خیال رکھیں اور انکی سہولت اور مشکلات کے ازالے کیلئے ترجیحی اقدامات میں کوئی کمی نہ آنے پائے۔
(روز نامہ پاکستان)
***********