پولیس میں بڑے پیمانے پر بھر تیوں کے عمل کا آغاز ہو گیا۔ کنور شاہ رخ

Nov 30, 2022

قائم مقام آئی جی پنجاب کنور شاہ رخ کی ہدایت پر پنجاب پولیس میں بڑے پیمانے پر بھرتیوں کے عمل کا آغاز ہو گیا ہے۔ قائم مقام آئی جی پنجاب کنور شاہ رخ نے ہدایت کی ہے کہ پولیس فورس میں ٹریفک اسسٹنٹ، کانسٹیبلز، لیڈی کانسٹیبلز، ڈرائیور کانسٹیبلز اور وائرلیس آپریٹرز کی بھرتیوں کے عمل کو سو فیصد میرٹ اور شفافیت پر پورا کیا جائے۔ قائم مقام آئی جی کنور شاہ رخ نے کہا کہ قابلیت اور اہلیت کے معیار پر پورا اترنے والے جوانوں کو پولیس فورس کا حصہ بنایا جائے گا۔  انہوں نے تاکید کی کہ بھرتی کے لیے آنے والے امیدواروں کی سہولت کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں اور تمام مراحل مکمل غیر جانبداری اور جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق سر انجام دیا جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں بھرتیوں کے حوالے سے ریکروٹمنٹ بورڈز کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔۔
 تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس میں ٹریفک اسسٹنٹ، کانسٹیبل،  لیڈی کانسٹیبل، ڈرائیور کانسٹیبل اور وائرلیس آپریٹرز کی بھرتیوں کیلئے صوب کے تمام اضلاع میں ریکروٹمنٹ بورڈز کی تشکیل کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں کل 30 نومبر سے  20 اضلاع میں دستاویزات کی سکروٹنی کے بعد جسمانی و تحریری امتحان   کا انعقاد ہوگا۔ دوسرے مرحلے میں صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت باقی ماندہ اضلاع میں 2 فروری سے بھرتیوں کے عمل کا آغاز کیا جائے گا۔ قائم مقام آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ریکروٹمنٹ بورڈ میں شامل افسران تمام مراحل کی خود نگرانی کریں۔

(روز نامہ آواز)

************