خواتین اوربچوں پر تشدد،زیادتی ،کے ملزمان پکڑے جائیں:آئی جی

Nov 22, 2022

قائم مقام انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کنور شاہ رخ نے پتوکی زیادتی کیس ٹریس کرتے ہوئے سفاک ملزم کو گرفتار کرنے پر قصور پولیس کو شاباش دی ہے۔ قائم مقام آئی جی پنجاب نے کہا کہ بچوں اور خواتین پر جنسی تشدد کے واقعات میں ملوث درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں لہذا تفتیش کے مراحل کو جلد از جلد مکمل کرکے ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائیں۔
قائم مقام آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ خواتین اور بچوں پر تشدد، زیادتی اور اغواء کے واقعات پر زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رکھی جائے اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے متاثرین کو انصاف کی فوری فراہمی میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔ قائم مقام آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تھانوں اور پولیس دفاتر میں آنے والے شہریوں کے مسائل بلا تاخیر حل کئے جائیں اور افسران و اہلکار اپنے رویے، خوشی اخلاقی اور پروفیشنلزم سے پولیس کا مثبت امیج مضبوط بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور معاشرے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنا پولیس کا بنیادی فرض ہے جسے بھرپور فرض شناسی کے ساتھ ادا کرنا ہر پولیس افسر کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سپر ماڈل پولیس اسٹیشن بی ڈویژن قصور دورے کے موقع پر افسران و اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
قصور آمد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قائم مقام آئی جی پنجاب کنور شاہ رخ کو سلامی پیش کی۔ قائم مقام آئی جی نے تھانے کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور عملے سے خطاب کیا۔ قائم مقام آئی جی نے شہریوں کو دی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا۔قائم مقام آئی جی پنجاب نے تھانے میں آئے سائلین سے انکے مسائل بارے دریافت کیا۔ قبل ازیں قائم مقام آئی جی پنجاب کنور شاہ رخ  نے  ڈی پی او آفس کا دورہ کیا۔ آر پی او  شیخوپورہ نے قائم مقام آئی جی کو ریجن میں کرائم اور امن وامان کی صورتحال کے متعلق بریفنگ دی۔ ڈی پی او قصور نے قائم مقام آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پتوکی زیادتی کیس کے مرکزی ملزم شان عرف شانی کو 5 ماہ کی مسلسل محنت کے بعد گرفتار کر لیا گیا ہے-قصور پولیس نے اس کیس میں 230 افراد کا ڈی این اے کروایا جبکہ 598 مشکوک افراد کو انویسٹی گیٹ کیا گیا۔ قائم مقام آئی جی پنجاب کنور شاہ رخ نے متعلقہ پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ڈی پی او قصور کو ہدایت کی کہ وہ اپنی نگرانی میں تفتیش کو جلد از جلد مکمل کرکے ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائیں۔

(روز نامہ 92)

***********