آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے آئی ٹی اور پی ایس برانچوں میں تعینات سٹاف کی تعریفی اسناد

Nov 02, 2022

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے کہاہے کہ دوران ڈیوٹی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محنتی، لائق اور فرض شناس سٹاف پنجاب پولیس کا اثاثہ ہیں جن کی مناسب حوصلہ افزائی محکمہ کی احسن روایت ہے۔ انہوں نے کہاکہ اچھی کارکردگی پر حوصلہ افزائی سٹاف میں مزید بہتر پرفارمنس دینے کا جذبہ پیدا کرتی ہے اسی لئے محکمہ پولیس میں ہر سطح پر فرض شناس اہلکاروں و افسران کی پذیرائی کا سلسلہ جاری رہے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں آئی ٹی برانچ اور پرسنل سٹاف برانچ میں تعینات افسران وا ہلکاروں کو بہترین کارکردگی پر تعریفی اسناد دیتے ہوئے کیا۔
آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے آئی ٹی اور پی ایس برانچوں میں تعینات سٹاف کی تعریفی اسناد اور نقد انعام سے حوصلہ افزائی کی۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس کی آئی ٹی برانچ نے مختلف موبائل ایپلی کیشنز اور ڈیش بورڈ بنائے ہیں اور ان جدید پراجیکٹ کی بدولت عام آدمی اور ملازمین کو درپیش مسائل کا فوری ازالہ ممکن ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پرسنل سٹاف برانچ میں تعینات اہلکار بھی اپنے فرائض جانفشانی اور ذمہ داری کے ساتھ ادا کر رہے ہیں جو لائق تحسین ہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سٹاف کی ویلفیئر اور کپیسٹی بلڈنگ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کاسلسلہ جاری رکھا جائے اور تمام سپروائزری افسران ذاتی نگرانی میں ماتحت سٹاف سے بہترین پرفارمنس لے کر محکمانہ ورکنگ کو مزید موثر بنائیں۔ انعامات حاصل کرنے والے افسران و اہلکاروں نے آئی جی پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پہلے سے زیادہ محنت اور فرض شناسی کے ساتھ فرائض کی ادائیگی یقینی بنائیں گے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس بھی موجود تھے۔

(روز نامہ سٹی42)

*****************