آئی جی پنجاب فیصل شاہکار اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے پولیس ایڈوائزر برائے پیس آپریشنز منتخب

Nov 07, 2022

انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب فیصل شاہکار کو اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گوتریس نے پولیس ایڈوائزر برائے ڈیپارٹمنٹ آف پیس آپریشنز منتخب کرلیا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے فیصل شاہکار کی بطور پولیس ایڈوائزرتعیناتی کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق فیصل شاہکار کی اقوام متحدہ میں بطور پولیس ایڈوائزرتعیناتی پاکستان کے لیے بڑا اعزاز ہے کیونکہ فیصل شاہکار اس پوزیشن پر منتخب ہونے والے پہلے پاکستانی ہیں اور اس سے قبل اس پوزیشن پر یورپین اور مغربی ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد تعینات ہوتے رہے ہیں۔

آئی جی پنجاب فیصل شاہکار پاکستانی پولیس سروس کے سینئر افسر ہیں جنہیں پاکستان پولیس سروس میں لگ بھگ تیس برس جبکہ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز اورمختلف فیلڈ ڈیوٹیوں پراقوام متحدہ کیلئے کام کرنے کا 9سالہ تجربہ حاصل ہے۔فیصل شاہکار نے 2020-2021 میں یونائیٹڈ نیشن اسٹینڈنگ پولیس کپیسٹی میں بطور ٹیم لیڈر خدمات سر انجام دی ہیں۔ فیصل شاہکار اس سے قبل 2005 سے 2008اور2011سے 2013میں بھی اقوام متحدہ پولیس ڈویژن میں تعینات رہ چکے ہیں۔فیصل شاہکار نے یونائیٹڈ نیشن مشن کے تحت لائبریا اور بوسنیا ہرزیگوینا میں بھی تین برس سے زائد عرصہ فرائض ادا کئے ہیں۔  وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زردادی اور وزیر اعلیٰ پنجاب، چوہدری پرویز الہی نے اقوام متحدہ میں پولیس ایڈوائزر منتخب ہونے پر آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کو مبارک بادی۔ انہوں نے کہاکہ ڈیپارٹمنٹ آف
پیس آپریشنز میں ایک پاکستانی سینئر پولیس آفیسر کا ایڈوائزر منتخب ہونا اقوام عالم میں ہماری پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔
 
(روز نامہ پاکستان)
*******************