آئی جی کا لانگ مارچ کی سکیورٹی فول پروف بنانے کا حکم

Oct 28, 2022

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے کہاہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ لاہور، گوجرانولہ، گجرات اور راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں لانگ مارچ میں شریک شہریوں کی سکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور امن و امان کی صورتحال کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے۔ آئی جی پنجاب نے لاہور اور راولپنڈی پولیس کو سکیورٹی اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے جامع پلان تشکیل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ ایمبولینسز، تعلیمی اداروں کی بسوں اور مسافروں کی سہولت کے لیے ٹریفک کے متبادل پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ لانگ مارچ کے روٹ خصوصا جی ٹی روڈ سے متصل راستوں اور شاہرات پر اضافی نفری تعینات کی جائے جبکہ موٹروے کے داخلی و خارجی راستوں اور بین الصوبائی رابطہ سڑکوں پر خصوصی انتظامات کیے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ لانگ مارچ کے دوران امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا جبکہ سنٹرل پولیس آفس میں قائم کنٹرول روم سے لانگ مارچ کی سکیورٹی کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ٹیموں کو روٹ کے اضلاع میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز میں تیزی لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ لانگ مارچ کے روٹس کو سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مانیٹر کیاجائے۔یہ ہدایات انہو نے آج سنٹرل پولیس آفس میں پی ٹی آئی لانگ مارچ کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران جاری کیں۔
دوران اجلاس ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب نے لانگ مارچ کی سکیورٹی کے حوالے سے کئے گئے انتظامات بارے بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے صوبے کے تمام آرپی اوزاور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ لانگ مارچ کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں اور موثر باہم کوارڈی نیشن سے امن وامان کی فضا کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ شہریوں کی جان ومال کا تحفظ پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے جسے ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور شرپسند عناصر کی جانب سے نقص امن کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب موجود تھے جبکہ سی سی پی او لاہورسمیت تمام ریجنز کے آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

(روز نامہ 92)

************