پولیس حراست میں ملزمان پر تشدد، فرار کے واقعات کسی صورت قبول نہیں:آئی جی

Oct 21, 2022

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے کہا ہے کہ پولیس حراست میں ملزمان پر تشدد اور فرار کے واقعات کسی صورت قبول نہیں، ایسے واقعات میں ملوث ذمہ داران سپروائزری افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ و قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے سرگودھا پولیس کی حراست میں شہری کی ہلاکت کے واقعہ پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے آر پی او سرگودھا کو ہدایت کی کہ افسوس ناک واقعہ میں ملوث اہلکاروں کو نہ صرف گرفتار بلکہ سخت ترین سزائیں دلوائی جائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ اگر آئندہ کسی ضلع میں دوران حراست ملزم کی ہلاکت کا واقعہ سامنے آیا تو ڈسٹرکٹ پولیس افسر کو بھی جواب دینا ہوگا۔ آئی جی پنجاب نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں جرائم کے واقعات کی شرح میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ لاہور سمیت صوبے کے تمام بڑے شہروں میں اسٹریٹ کرائم اور منظم جرائم کے خاتمہ کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈکیتی، اغواء، قتل سمیت دیگر جرائم میں ملوث منظم گروہوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر آپریشنز کئے جائیں جس کی پراگریس رپورٹ باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں۔ آئی جی پنجاب  نے ہدایت کی کہ منشیات کے مکروہ دھندے اور سپلائی چین میں ملوث بڑے گروہوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے، بالخصوص نوجوان طلبا و طالبات کو فیشن ایبل اور خطرناک نشے کی جانب راغب کرنے والے سماج دشمن عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی  کہ بڑے اضلاع کے تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز میں منشیات کی سپلائی چین میں ملوث مجرمان کے خلاف ترجیحی آپریشنز کئے جائیں۔ سموگ کے خطرات کے پیش نظر آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ صوبے کے تمام اضلاع میں سموگ کی روک تھام کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر انسدادی اقدامات میں تیزی لائی جائے اور دھواں اڑاتی گاڑیوں، فیکٹریوں، بھٹوں اور فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف فوری کاروائی کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شاہرات پر ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے پنجاب ہائی وے پٹرول اور ٹریفک پولیس مل کر ٹھوس اقدامات کریں۔ آئی جی پنجاب نے یہ ہدایات آج سنٹرل پولیس آفس میں آرپی اوز کانفرنس کی صدارت کے دوران صوبے کے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز کو جاری کیں۔ دوران کانفرنس صوبے کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔  
کانفرنس میں سی سی پی او لاہور، آرپی اوز اور ڈی پی اوز نے پولیس کاروائیوں بارے بریفنگ دیں۔ آئی جی پنجاب نے 6 اضلاع میں ضمنی انتخابات کے پر امن انعقاد پر متعلقہ افسران کی کارکردگی کو سراہا۔آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ افسران موٹر سائیکل و کار چوری میں ملوث منظم گروہوں کو فوری قانون کی گرفت میں لائیں اور صنفی جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف زیرو ٹالرینس کے تحت سخت قانونی کاروائی میں ہرگز تاخیر نہ کی جائے۔ کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ پنجاب، آپریشنز، انویسٹی گیشن، ویلفیئر، ٹریننگ، پی ایچ پی،سی ٹی ڈی، ڈی آئی جیز سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(روز نامہ نوائے وقت)

************