1434 پولنگ اسٹیشنز پر مجموعی طور پر پولیس کے 23 ہزار اہلکار وافسران سکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے۔

Oct 15, 2022

انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے صوبے کے تین قومی اور تین صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے متعلقہ اضلاع کے آر پی اوز، ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر من و عن عملدر آمد ہر صورت یقینی بنایا جائے اورہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، مسلح گارڈ رکھنے اور لڑائی جھگڑے سمیت ہرانتخابی ضابطہ اخلاق کی کسی بھی شق کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز ایکشن لیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ہر حلقے میں ایمر جنسی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے اینٹی رائٹ فورس کے اہلکار بھی موجود رہیں گے جبکہ الیکشن سامان اور بیلٹ باکسز کی بحفاظت ترسیل کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ انتخابی عمل کی مکمل مانیٹرنگ کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں سپیشل کنٹرول روم قائم کیا جائے گاجو چھ اضلاع میں انتخابی عمل کے دوران امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ یقینی بنائے گا۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ خواتین کے پولنگ اسٹیشنز پر لیڈی اہلکار تعینات کیا جائے اور حساس پولنگ اسٹیشن کے گردونواح میں پٹرولنگ ٹیموں کے گشت کا موثرنظا م تشکیل دیاجائے۔ آئی جی پنجا ب نے یہ ہدایات 16اکتوبر کو منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد، ننکانہ، ملتان کے قومی اسمبلی کے تین حلقوں میں جبکہ شیخوپورہ، خانیوال اور بہاولنگر کے 3 صوبائی حلقوں میں 16 اکتوبر کو ضمنی انتخابات ہونگے۔ چھ اضلاع میں بنائے گئے 1434 پولنگ اسٹیشنز پر مجموعی طور پر پولیس کے 23 ہزار اہلکار وافسران سکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے۔

(روزنامہ نئی بات)

************