آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کی ہدایت پر پنجاب کے 6 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے سکیورٹی انتظامات مکمل۔

آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کی ہدایت پر پنجاب کے 6 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے سکیورٹی انتظامات مکمل۔
فیصل آباد، ننکانہ، ملتان میں قومی اسمبلی جبکہ شیخوپورہ، خانیوال اور بہاولنگر میں صوبائی حلقوں میں 16 اکتوبر کو ضمنی انتخابات ہونگے۔
 1434 پولنگ اسٹیشنز پر مجموعی طور پر پولیس کے 23 ہزار اہلکار وافسران سکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے۔ آئی جی پنجاب
الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر ہر صورت عملدر آمد یقینی بنایا جائے گا۔ آئی جی پنجاب
ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، مسلح گارڈ رکھنے اور لڑائی جھگڑے سمیت ہر خلاف ورزی پر بلاامتیاز ایکشن لیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب

انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے صوبے کے تین قومی اور تین صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے متعلقہ اضلاع کے آر پی اوز، ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر من و عن عملدر آمد ہر صورت یقینی بنایا جائے اورہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، مسلح گارڈ رکھنے اور لڑائی جھگڑے سمیت ہرانتخابی ضابطہ اخلاق کی کسی بھی شق کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز ایکشن لیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ہر حلقے میں ایمر جنسی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے اینٹی رائٹ فورس کے اہلکار بھی موجود رہیں گے جبکہ الیکشن سامان اور بیلٹ باکسز کی بحفاظت ترسیل کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ انتخابی عمل کی مکمل مانیٹرنگ کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں سپیشل کنٹرول روم قائم کیا جائے گاجو چھ اضلاع میں انتخابی عمل کے دوران امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ یقینی بنائے گا۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ خواتین کے پولنگ اسٹیشنز پر لیڈی اہلکار تعینات کیا جائے اور حساس پولنگ اسٹیشن کے گردونواح میں پٹرولنگ ٹیموں کے گشت کا موثرنظا م تشکیل دیاجائے۔ آئی جی پنجا ب نے یہ ہدایات 16اکتوبر کو منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد، ننکانہ، ملتان کے قومی اسمبلی کے تین حلقوں میں جبکہ شیخوپورہ، خانیوال اور بہاولنگر کے 3 صوبائی حلقوں میں 16 اکتوبر کو ضمنی انتخابات ہونگے۔ چھ اضلاع میں بنائے گئے 1434 پولنگ اسٹیشنز پر مجموعی طور پر پولیس کے 23 ہزار اہلکار وافسران سکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ انتخابی عمل کے پر امن انعقاد میں پولیس ٹیمیں صوبائی الیکشن کمیشن کو مکمل تعاون فراہم کرے اور نقص امن کی کسی بھی کوشش پر سخت قانونی کاروائی میں کوئی تاخیر نہ کی جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ اسپیشل برانچ اور دیگریونٹ سکیورٹی انتظامات میں ضلعی ٹیموں کو ہر ممکن مدد و تعاون فراہم کریں اور الیکشن کے عمل کو مکمل شفاف اور پر امن بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے۔ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے ہدایت کی کہ نتائج کے اعلان کے بعدبھی امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول رکھا جائے اور لڑائی جھگڑے، ہوائی فائرنگ کرکے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔

 

(ہینڈ آؤٹ 490 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

**************************

Press Release Date: 
Friday, October 14, 2022