آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کا ساہیوال میں معمولی جھگڑے پر پولیس اہلکار کے شہری کو قتل کرنے کے واقعے کا نوٹس
آر پی او ساہیوال سے واقعہ کی رپورٹ طلب، ڈی پی او ساہیوال کو پولیس اہلکار کے خلاف فوری مقدمہ درج کرکے گرفتار کرنے کا حکم۔
پاکپتن میں شہید سب انسپکٹر محمد سرور اکرم کے گھر دورے کے بعد آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کا آر پی او آفس ساہیوال کابھی دورہ
آئی جی پنجاب، فیصل شاہکار نے آر پی او آفس ساہیوال میں مختلف برانچز کی ورکنگ کا جائزہ لیا۔
لاہور 12اکتوبر۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے ساہیوال میں معمولی جھگڑے پر پولیس اہلکار کی جانب سے شہری کو قتل کرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔آئی جی پنجاب نے ڈی پی او ساہیوال کو پولیس اہلکار کے خلاف فوری مقدمہ درج کرکے گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ایسے افسوسناک واقعہ میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ اختیارات سے تجاوز اور فورس کی بدنامی کا باعث بننے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق پولیس اہلکار اور شہری کے درمیان معمولی تنازعہ ہوا تھا۔ ڈی پی او ساہیوال نے پولیس اہلکار کی نشاندھی اور گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
مزید برآں پاکپتن میں شہید سب انسپکٹر محمد سرور اکرم کے گھر دورے کے بعد آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے آر پی او آفس ساہیوال کا دورہ بھی کیا اور آر پی او آفس میں مختلف شعبوں کی ورکنگ کا جائزہ لیا۔ آر پی او ساہیوال نے آئی جی پنجاب کو مختلف شعبوں کی ورکنگ بارے بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے آر پی او ساہیوال اور ریجن کے تمام ڈی پی اوز کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی اور جرائم کے قلع قمع اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے بارے ہدایات جاری کیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ساہیوال ریجن کے تمام اضلاع میں سٹریٹ کرائم کی روک تھام کیلئے کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے اور آر پی او اور ڈی پی اوز ذاتی نگرانی میں شہریوں کی جان ومال کا تحفظ مزید بہتر بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ڈکیتی، اغواء برائے تاوان اور قتل سمیت دیگر سنگین جرائم کی روک تھام کیلئے کاروائیوں میں تیزی لائی جائے اور منظم جرائم کے خاتمے کیلئے ترجیحی اقدامات جاری رکھے جائیں۔
(ہینڈ آؤٹ 489 )
اُسامہ محمود
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
**************************

Press Release Date:
Wednesday, October 12, 2022