انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے منعقدہ محافل میلاد اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لا کر ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے صوبائی دارالحکومت سمیت تمام بڑے و حساس شہروں میں عید میلاد النبی ﷺ جلوسوں اور محافل کی سکیورٹی کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں سیف سٹی کیمروں کی مدد سے جلوس و محافل مانیٹرنگ کی جائے۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سنٹرل پولیس آفس میں کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال رہے گا جبکہ سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے ضلعی سطح پر بھی کنٹرول رومز قائم کئے جائیں جو آپس میں کلوز کوارڈی نیشن سے فول پروف انتظامات یقینی بنائیں گے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کہ اے، بی اور سی کیٹیگریز کے جلوسوں اور محافل کیلئے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق سکیورٹی انتظامات کئے جائیں اور ضلعی سطح پر قائم امن کمیٹیوں اور مقامی علمااکرام سے مل کر بہتر کوارڈینیشن رکھا جائے۔ انہوں نے ہدایت کہ صوبے کے تمام اضلاع میں لاؤڈ اسپیکر ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے جبکہ آتشبازی اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی میں کوئی تاخیر نہ کی جائے۔ یہ ہدایات آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے آج سنٹرل پولیس آفس میں جشن عید میلاد النبیﷺ کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ آرپی اوز کانفرنس کی صدارت کے دوران جاری کیں۔
دوران اجلاس ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب نے صوبہ بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ کے سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبہ بھر میں عید میلاد النبیﷺ کے 1447 محافل اور 2400 جلوس منعقد ہو رہے ہیں جن کی سکیورٹی کیلئے 72 ہزار سے زائد اہلکار، افسران اور والنٹیئرز تعینات ہونگے۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب، سی سی پی او لاہور سمیت صوبے کے تمام آر پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
(روز نامہ نوائے وقت)
************