عید میلادالنبیﷺ کی محافل اور جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات مکمل

Oct 07, 2022

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے کہاہے کہ جشن عید میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے صوبے کے تمام اضلاع میں سجائی جانے والی محافل اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت بھرپور انتظامات کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ اے کیٹیگری کے جلوسوں اور محافل کی سکیورٹی کیلئے آر پی اوز، ڈی پی اوز ذاتی نگرانی میں بہترین انتظامات کریں۔ انہوں نے تاکید کی کہ سکیورٹی انتظامات کے دوران جاری کردہ ایس او پیز کی پاسداری پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، آتشبازی اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی میں ہرگز تاخیرنہ کی جائے جبکہ صوبے کے کسی ضلع میں بھی لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ تمام اضلاع میں مقامی امن کمیٹیوں اور علمائے دین کے ساتھ کوارڈی نیشن سے سیکیورٹی انتظامات کئے جائیں جبکہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز خود فیلڈ میں نکل کر بڑی محافل اورحساس جلوسوں کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ حساس اضلاع میں جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے، میٹل ڈٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس لازمی استعمال کئے جائیں اور اہم مساجد، درباروں، بازاروں اور مذہبی مقامات کے گردو نواح میں سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھے جائیں۔آئی جی پنجاب نے یہ ہدایات جشن عید میلاد النبیﷺ کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے صوبے کے تمام سپروائزری افسران کو جاری کیں۔

(روزنامہ انصاف)

*************