سی پی او آفس کو اسٹیٹ آف دی آرٹ بنایاجاے گا، فیصل شاہکار

Sep 24, 2022

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے کہاہے کہ سنٹرل پولیس آفس پنجاب پولیس کا صوبائی ہیڈ کوارٹر ہے جسے جدید سہولیات کی فراہمی اور ورکنگ اسٹینڈرڈکو مزید بہتر کرکے اسٹیٹ آف دی آرٹ آفس بنایا جائے گا۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ تمام افسران اپنے سٹاف کی استعداد کار میں اضافے کیلئے ریفریشر کورسز اور نئی مہارتوں کے حصول پر خصوصی توجہ دیں تاکہ پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی مزید بہتر ہو۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ 1787 آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر میں موصول ہر درخواست کو فوری حل کرکے شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے جبکہ پنجاب پولیس واٹس ایپ سروس کے ذریعے آنے والی شہریوں کی شکایات کو بھی ایس او پیز کے مطابق فوری حل کیا جائے۔ انہو ں نے کہاکہ شہریوں کو مطمئن کئے بغیر کسی درخواست کو داخل دفتر نہ کیا جائے اور اے آئی جی کمپیلنٹس کھلی کچہری میں آنے والے شہریوں کی مشکلات کا ازالہ ذاتی نگرانی میں یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے پنجاب پولیس کی تمام دستاویزات اور فائل ریکارڈ کی ڈیجیٹل آر کائیو بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ غیر ضروری ریکارڈ کی تلفی کے ساتھ ساتھ ضروری دستاویزات اور فائلز کو ڈیجیٹل فارم میں محفوظ کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں مختلف برانچوں کے اچانک دورہ کے موقع پر افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب نے مختلف فلور ز پر واقع برانچوں کی انسپکشن کی اور سٹاف سے ورکنگ بارے دریافت کیا۔  
اٰیڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس نے آئی جی پنجاب کو ویلفیئر برانچ کے امور بارے بریفنگ دی جبکہ اے آئی جی ڈویلپمنٹ نے آئی جی پنجاب کو مختلف فلورز پر ہونے والے ترقیاتی کاموں کے متعلق آگاہ کیا۔ آئی جی پنجاب نے عملے سے گفتگو کرتے ہوئے مسائل پوچھے اور افسران کو ویلفیئر کیلئے مزید اقدامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سنٹرل پولیس آفس کی ماڈرن اسٹینڈرڈ کے مطابق اپ گریڈیشن کا کام جلد از جلدمکمل کیا جائے۔آئی جی پنجاب نے سی پی او کمپلیکس اورترکش بلاک سمیت دیگر شعبوں کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز، ڈی آئی جی آر اینڈ ڈی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(روز نامہ ایکسپریس)

************