آئی جی کی کرکٹ سیریز کے پر امن انعقاد کیلئے خصوصی اقدامات کی ہدایت

Sep 21, 2022

لاہور کرائم رپورٹر انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے کہاہے کہ پاک انگلینڈ کرکٹ سیریزکے دوران تمام کھلاڑیوں، آئی سی سی آفیشلز اور دیگر غیر ملکی سٹاف کو اسٹیٹ گیسٹ سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقدہ آخری تین ٹی ٹونٹی میچز کے دوران سکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ میچز کی سکیورٹی پر مجموعی طور پر 8 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے جبکہ سیف سٹی کے کیمروں سے ٹیموں کے روٹ، ہوٹلز اور قذافی اسٹیڈیم کے اندر اور باہر کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے سپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی کو کرکٹ سیریز کے پر امن انعقاد کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے دوران میچز ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو برقرار رکھنے کیلئے سی ٹی او لاہور کو خصوصی ٹاسک دیتے ہوئے کہاکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے اضافی وارڈنز اور اہلکاروں کو تعینات کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ شائقین کرکٹ کی پارکنگ اور اسٹیڈیم تک ٹرانسپورٹیشن کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر بہترین انتظامات کیے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے تاکید کی کہ غیر ملکی شائقین کرکٹ اور دیگر شہروں سے میچ دیکھنے آنیو الے شائقین کی سکیورٹی کے ساتھ ساتھ سہولت کو بھی مد نظر رکھا جائے جبکہ ہوٹل، اسٹیڈیم اور روٹس کے گردونواح میں آمدورفت کے دوران کسی راستے کو غیر ضروری طورپر بند نہ کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ہوٹل اوراسٹیڈیم کے گردونواح میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھے جائیں اور انسدادی کاروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے یہ ہدایت پنجاب سیف سٹی اتھارٹی میں لاہور میں پاک انگلینڈ کرکٹ میچز کے انعقاد کے حوالے سے منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران جاری کیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پاک انگلینڈ کرکٹ سیریزکے انعقادکے حوالے سے لاہور پولیس نے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور اسی حوالے سے سیف سٹی اتھارٹی میں جائزہ اجلاس آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کی زیر صدارت پنجاب منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اور ایس ایس پی آپریشنز نے آئی جی پنجاب کو سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ پاک آسٹریلیا اور پی ایس ایل میچز کی طرز پر دورہ انگلینڈ کے کرکٹ میچز کیلئے بھی جامع حکمت عملی کے تحت بہترین انتظامات کئے جائیں تاکہ شہری پر امن ماحول میں کرکٹ سیریز کے میچز کا لطف اٹھا سکیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ شائقین کرکٹ کی سکیورٹی اور تحفظ کو ہر صورت مد نظر رکھا جائے اور میچ دیکھنے آنے والی فیملیز اور غیر ملکی شائقین کیلئے ترجیحی اقدامات کئے جائیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، آپریشنز، سی سی پی او لاہور، چیف آپریٹنگ آفیسر سیف سٹی اتھارٹی، ڈی آئی جی آپریشنز، انویسٹی گیشن، سکیورٹی اور ایس ایس پیز نے شرکت کی۔

(روزنامہ پاکستان)
*************