آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کا گوجرانوالہ ریجن کا دورہ۔

آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کا گوجرانوالہ ریجن کا دورہ۔
آر پی او آفس میں گوجرانوالہ ریجن کے تمام اضلاع کی کارکردگی بارے اجلاس کی صدارت کے دوران اہم ہدایات جاری کیں۔
گوجرانوالہ ریجن میں منظم جرائم کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔
 ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر اور کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔  
تفتیش کے نظام کو بہتر بنایا جائے، افسران تھانوں کے اچانک دورے کریں اور کھلی کچہریاں باقاعدگی سے کریں۔
خواتین اور بچوں پر تشدد اور زیادتی کے واقعات میں زیروٹالرنس اپنائی جائے۔
پولیس ملازمین کی استعداد کار میں اضافے اور شہداء کی فیملیز کی ویلفیئر کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ ریجن میں منظم جرائم کے خاتمہ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سمیت تمام وسائل بروئے کار لاکر ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر کی رجسٹریشن میں تاخیر اور کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، پولیس کا امیج خراب کرنے والوں کو محکمے سے نکال باہر کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ عادی مجرمان، اشتہاری اور پیشہ وارانہ گینگز کی گرفتاری کیلئے جاری آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تفتیش کے نظام کو بہتر بنایا جائے، افسران تھانوں کے اچانک دورے کریں اور کھلی کچہریاں باقاعدگی سے کریں۔ خواتین اور بچوں سے تشدد اور زیادتی کے واقعات میں زیروٹالرنس اپنائی جائے اور ایسے واقعات میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ اور معاشرے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے پولیس فورس اپنے فرائض بھرپور محنت، جانفشانی اور جذبہ خدمت خلق کے ساتھ ادا کرے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ غریب شہریوں، بزرگ اور خواتین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرتے ہوئے انہیں فوری ریلیف فراہم کیا جائے اور اس سلسلے میں سپروائزری افسران اپنا کمانڈنگ کردار مزید احسن طور پر ادا کریں۔ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے ہدایت کی کہ فورس کی استعداد کار میں اضافہ اور شہداء کی فیملیز کی بہترین فلاح و بہبود میری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تھانوں کی اپ گریڈیشن کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں اور صوبے کے تمام اضلاع میں تھانوں کو جدید سہولیات اور وسائل فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ تھانوں کی ورکنگ بہتر ہو اور شہریوں کو سروس ڈلیوری کا عمل مزید آسان ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آر پی او آفس گوجرانوالہ کے دورے کے موقع پر اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ آر پی او گوجرانوالہ نے آئی جی پنجاب کو ریجن میں امن و امان کی تازہ ترین صورتحال بارے بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے پولیس دربار میں پولیس جوانوں سے خطاب کیا۔ اہلکاروں کے مسائل سنے اور انکے حل کے لیے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ آئی جی پنجاب نے اشرف مارتھ شہید ڈسٹرکٹ پولیس لائن کا بھی دورہ کیا اور یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ آئی جی پنجاب نے پولیس لائن میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ آئی جی پنجاب نے پولیس لائن میں شہدائے پولیس کی فیملیز سے ملاقات کی جس کے بعد انہوں نے آر پی او آفس میں گوجرانوالہ ریجن کے تمام اضلاع کی کار کردگی بارے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سی پی او گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، منڈی بہاؤ الدین، نارووال اور حافظ آباد کے ڈی پی اوز سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔
 

(ہینڈ آؤٹ 446 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

**************************

Press Release Date: 
Thursday, September 15, 2022