آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں آر پی اوز ویڈیو لنک کانفرنس میں ہدایات جاری

آئی جی پنجاب کا لاہور سمیت تمام بڑے شہروں میں سٹریٹ کرائمزکی روک تھام کیلئے کریک ڈاؤن میں تیزی لانے کا حکم
موٹر سائیکل و کار چوری، ڈکیتی و راہزنی کی وارداتوں میں ملوث منظم گروہوں کو فوری قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ آئی جی پنجاب
سنگین جرائم کے مقدمات کی پیروی اور انہیں منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے فیلڈ افسران باقاعدگی سے جائزہ لیں۔
آئی جی پنجاب کا چہلم حضرت امام حسین ؓ کے عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا حکم
لاہور میں حضرت عثمان علی ہجویری داتا گنج بخشؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب
 جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں پنجاب پولیس کی ریسکیو و بحالی کی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کو سراہا گیا۔
آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں آر پی اوز ویڈیو لنک کانفرنس میں ہدایات جاری
 لاہور میں کم سن بچی ماریہ کو زیادتی کے بعد قتل کرنے میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے پر لاہور پولیس کو شاباش

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے صوبے کے تمام اضلاع میں جرائم کنٹرول کرنے کیلئے آر پی اوز، ڈی پی اوز کو خصوصی احکامات جاری کئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ایسے اضلاع جہاں جرائم کے واقعات میں اضافہ ہو وہاں ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے لاہور سمیت تمام بڑے شہروں میں سٹریٹ کرائمزکی روک تھام کیلئے کریک ڈاؤن میں تیزی لانے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ موٹر سائیکل و کار چوری، ڈکیتی و راہزنی کی وارداتوں میں ملوث منظم گروہوں کو فوری قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ قتل، اغواء برائے تاوان، ڈکیتی اور زیادتی سمیت دیگر سنگین جرائم کے مقدمات کی پیروی اور انہیں منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے فیلڈ افسران باقاعدگی سے جائزہ لیں اور موثر فالو اپ سے مجرمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ آئی جی پنجاب نے چہلم حضرت امام حسین ؓ کے موقع پر صوبہ بھر میں نکلنے والے عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا۔ انہو ں نے ہدایت کی کہ سپروائزری افسران خود حساس مجالس اور جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ اور شر انگیز مواد کی نشرو اشاعت پر زیرو ٹالرینس کے تحت سخت قانونی کاروائی یقینی بنائی جائے۔ آئی جی پنجاب  نے ہدایت کی کہ لاہور میں حضرت عثمان علی ہجویری داتا گنج بخشؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں اورملک بھر سے آنے والے زائرین کے تحفظ اور سہولت کیلئے سکیورٹی اور ٹریفک کا خصوصی پلان اپنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے لاہور میں کم سن بچی ماریہ کو زیادتی کے بعد قتل کرنے میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے پر لاہور پولیس کو شاباش دی جبکہ جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں پنجاب پولیس کی ریسکیو و بحالی کی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے اسے جار ی رکھنے کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب نے ان خیالات کا اظہار سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ ویڈیو لنک کانفرنس کی صدارت کے دوران صوبے کے تمام افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔
دوران اجلاس ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب نے راجن پوراوررحیم یار خان میں اغواء برائے تاوان اور دیگر اضلاع میں جرائم کی صورتحال اور پولیس کاروائیوں بارے بریفنگ دی جس پر آئی جی پنجاب نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب بالخصوص کچے کے علاقوں کو جرائم پیشہ عناصرسے پاک کرنے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے اور سپروائزری افسران فیلڈ وزٹس میں تیزی لاتے ہوئے انسدادجرائم کی کاروائیوں کی خود نگرانی کریں۔ آئی جی پنجا ب نے ہدایت کی کہ حوالات سے ملزمان کے فرار کے واقعات ناقابل قبول، ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف محکمانہ ایکشن میں تاخیر نہ کی جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس فورس کی بہترین ویلفیئر میری اولین ترجیحات میں شامل ہے لہذا تمام ضلعی افسران فورس کی ویلفیئر کے لیے کیے گئے اقدامات کو ماہانہ اجلاس میں باقاعدگی سے پیش کریں تاکہ ملازمین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیاجاسکے۔کانفرنس میں سنٹرل پولیس آفس میں تعینات تمام ایڈیشنل آئی جیز،سی سی پی او لاہور ڈی آئی جیز اور دیگر افسران موجود تھے جبکہ یونٹس سربراہان، صوبے کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

(ہینڈ آؤٹ 443 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

**************************

Press Release Date: 
Tuesday, September 13, 2022