پنجاب پولیس اور جیانگ سو پبلک سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ آف چائنہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط۔

پنجاب پولیس اور جیانگ سو پبلک سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ آف چائنہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط۔
ایم او یو کے تحت دونوں ادارے انسداد جرائم، پبلک سکیورٹی اور اہلکاروں کی کسپیٹی بلڈنگ کے حوالے سے باہمی تعاون کو بڑھائیں گے۔
 مالی جرائم، مجرمان کی گرفتاری،ماڈرن پولیسنگ، جدید ساز و سامان کی فراہمی اور انٹیلی جنس شئیرنگ کو یقینی بنائیں گے۔
پنجاب پولیس اور جیانگ سو پولیس شہریوں کی سکیورٹی، علاقائی امن اور سماجی استحکام کیلئے مل کر کام کریں گے۔
جیانگ سو پولیس کے ساتھ پنجاب پولیس کا ایم او یو اہم کامیابی ہے جس کے دور رس نتائج نکلیں گے۔ آئی جی پنجاب
چینی شہریوں کی بہترین سکیورٹی پر پنجاب پولیس کے شکر گزار ہیں،آج ہونے والا ایم او یو باہمی تعلق کو مزید مستحکم کرے گا۔ چینی قونصل جنرل
سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پنجاب فیصل شاہکار اور چینی قونصل جنرل لاہور زہاؤ شیرن کی شرکت، جیانگ سو پولیس کے سربراہ اور اعلٰی چینی حکام نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی کپیسٹی بلڈنگ، جدید ساز و سامان کی فراہمی اور انسداد جرائم کیلئے ہمسایہ ممالک کی پولیس فورسز کے ساتھ باہمی تعاون اور ورکنگ ریلیشن شپ کو فعال رکھنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسے اقدامات سے اہلکاروں کونہ صرف عالمی سطح پر پولیسنگ کے حوالے سے رائج طریقہ کار اور مہارتوں سے آگاہی ہوتی ہے بلکہ جرائم کی روک تھام،مجرمان کی سرکوبی اورپبلک سکیورٹی کے فرائض احسن انداز میں سر انجام پاتے ہیں۔ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے کہا کہ پنجاب پولیس اور جیانگ سو پولیس چائنہ کے ساتھ ایم او یو اسی سلسلے کی کڑی ہے جس کے تحت دونوں ادارے مل کر شہریوں کی سکیورٹی، علاقائی امن اور سماجی استحکام کیلئے مل کر کام کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں پنجاب پولیس اورجیانگ سو پبلک سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ آف چائنہ کے مابین مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) دستخط کرنے کی تقریب میں افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس اور دوست ملک چین کی پولیس کے درمیان باہمی تعاون کو بڑھانے کی طرف اقدامات جاری ہیں اورپنجاب پولیس اور جیانگ سو پبلک سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کے درمیان ایم او یو طے پایا ہے، دونوں اداروں کے درمیان ایم او یو سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں دستخط کیا گیاجس میں آئی جی پنجاب فیصل شاہکار اور چینی قونصل جنرل لاہور زہاؤ شیرن (Zhao Shiren) موجو دتھے جبکہ جیانگ سو پولیس کے سربراہ اور اعلٰی چینی حکام نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ایم او یو کے تحت دونوں ادارے انسداد جرائم، پبلک سکیورٹی اور اہلکاروں کی کسپیٹی بلڈنگ کے حوالے سے باہمی تعاون کو بڑھائیں گے اور مالی جرائم کی روک تھام، مجرمان کی گرفتاری اور بیرون ملک چوری ہونے والے سامان کی بازیابی کیلئے دو طرفہ تعاون میں مزید اضافہ کریں گے۔پنجاب پولیس اور جیانگ سو پولیس اپنے علاقوں میں ایک دوسرے کے شہریوں کے آئینی حقوق، سرمایہ کاروں،شہریوں، قومی اداروں اور اہلکاروں کے مفادات کے تحفظ کیلئے مل کر کام کریں گے اور دونوں ادارے باہمی تعاون سے مل کر دوستانہ تعلقات کو فروغ دیں گے تاکہ شہریوں کی جان وما ل کے تحفظ اور مجرمان کے قلع قمع کا عمل مزید تیز ہوسکے۔ایم او یو کے تحت پنجاب پولیس اور جیانگ سو پولیس جنرل پولیسنگ کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے جدید ساز و سامان کے تبادلے اور انٹیلی جنس شئیرنگ کو یقینی بنائیں گے جبکہ اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافے کیلئے ٹریننگ کورسز کا باقاعدگی سے انعقاد اور ٹریننگ افسران کے باہمی تبادلے سمیت دیگر اقدامات جاری رہیں گے۔
آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے کہا کہ جیانگ سو پولیس کے ساتھ پنجاب پولیس کا ایم او یو اہم کامیابی ہے جس کے دور رس نتائج نکلیں گے اور اس ایم او یو کے تحت ہونے والے اقدامات سے افسران کی کپسیٹی بلڈنگ اور فورس کو جدید ساز و سامان کی فراہمی ممکن ہو گی۔ چینی قونصل جنرل زہاؤ شیرن نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چینی شہریوں، ماہرین اور بزنس وفود کو بہترین سکیورٹی فراہم کرنے پر سپیشل پروٹیکشن یونٹ اپنے فرائض پوری تندہی سے ادا کر رہی ہے جو لائق تحسین ہے۔ چینی قونصل جنرل زہاؤ شیرن نے کہاکہ آج ہونے والا ایم او یو باہمی تعلق اور تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا باعث بنے گا۔ ایم او یو دستخط کی تقریب میں پنجاب پولیس اور چینی قونصلیٹ کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر پاک چین دوستی زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا گیا۔

(ہینڈ آؤٹ 440 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Friday, September 9, 2022