لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار کے احکامات پر پنجاب پولیس کی ٹیمیں راجن پور، ڈی جی خان سمیت صوبے کے دیگر سیلابی علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں شب و روز مصروف عمل ہیں۔ آئی جی پنجاب نے سپروائزری افسران کو ہدایت کی ہے کہ سیلاب کی مشکل سے دوچار شہریوں کی مدد اور تحفظ کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور مشکل وقت میں ہم وطنوں کا بھرپور ساتھ دیا جائے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر تمام متاثرہ علاقوں میں پنجاب پولیس کے جوان الرٹ اور متحرک ہیں اور امدادی سرگرمیوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ پولیس ٹیمیں متاثرہ اضلاع میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر اقدامات کر رہی ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب کی سیلابی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ دریائے سندھ میں سیلاب کے خطرہ کے پیش نظر اضافی نفری تعینات کر دی گئی اور اٹک، میانوالی، بھکر، لیہ، مظفرگڑھ، رحیم یار خان اور ڈی جی خان ریجن کے علاقوں میں پنجاب پولیس کی امدادی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔ پولیس کی اضافی نفری رود کوہیوں کے راستوں،نشیبی علاقوں اور کچہ میں بھی تعینات ہیں۔ ڈی جی خان ریجن میں پولیس ٹیموں نے اب تک سیلابی پانی میں گھرے 13 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جبکہ سیلاب زدہ علاقوں سے پولیس ٹیموں نے 5 ہزار سے زائد مویشیوں کو ریسکیو کیا ہے۔ سیلاب زدگان میں 15 ہزار سے زائد امدادی سامان کے پیکٹ تقسیم کیے گئے ہیں۔
(روز نامہ نوائے وقت)
*************