ڈی جی خان ریجن میں سیلابی صورتحال اور مزید بارشوں کا خدشہ،آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کی ہدایت پر پولیس ہائی الرٹ، پیشگی اقدامات مکمل

Aug 26, 2022

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اگست2022ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ جنوبی پنجاب کے علاقوں میں پولیس ٹیمیں امدادی سرگرمیوںمیں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں اور سیلاب زدگان کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کے ساتھ ساتھ انکے مال مویشیوں کو بھی ریسکیو کیا جارہا ہے ۔ آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کو ہدایت کی کہ وہ سیلاب زدگان کے ریلیف ورک کی خود نگرانی کریں اور آرپی اوز، ڈی پی اوز فیلڈ وزٹس میں مزید تیزی لاکر امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیں ۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ڈی جی خان ریجن میں سیلابی صورتحال اور مزید بارشوں کا خدشہ کے پیش نظر پنجاب پولیس ہائی الرٹ ہے اور ریلیف ورک کے حوالے سے پیشگی اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔

آئی جی پنجاب نے سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کے لیے پولیس کو تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے اور اسی سلسلے میں ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب نے مزید 200 پولیس افسران و اہلکار ملتان سے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے روانہ کر دیئے ہیں ۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پولیس ٹیموں نے سیلابی علاقوں میں سے اب تک 10787 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے جبکہ ڈی جی خان اور راجن پور کے متاثرہ علاقوں سے 4382  مویشیوں کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔

(روزنامہ انصاف)

**************