لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے کہاہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور سہولیات سے لیس کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) پنجاب پولیس کا انتہائی اہم اور پروفیشنل ونگ ہے جس نے صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے میں انتہائی موثر کردار ادا کیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ کالعدم تنظیموں اور انکے سہولت کاروں و فنانسرز کی مئوثر نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے اور نیشنل ایکشن پلان کے وضع کردہ قوانین پر عمل درآمد کرتے ہوئے انتہا پسند عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جائے۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ مذہبی منافرت پر مبنی تقاریر اور مواد کی نشر و اشاعت کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرینس اپنائیں اور فرقہ واریت میں ملوث سماج دشمن عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لاکر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں ۔
آئی جی پنجاب نے کہاکہ سی ٹی ڈی کو نئے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے مزید وسائل کی فراہمی اور عملہ کی کمی کو جلد پورا کیا جائے گا اورسی ٹی ڈی میں افسران کی تعیناتی کے لیے مدت کو فکس کرنے پر غور کیا جائے گا۔
آئی جی پنجاب نے کہاکہ معاشرے سے شر پسند ، دہشت گردعناصر اور انکے سہولت کاروں ، فنانسرز کا خاتمہ سی ٹی ڈی کا بنیادی فرائض میں شامل ہے اور صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے میں سی ٹی ڈی کا کردار اور قربانیاں قابل ستائش ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز پنجاب کے دورے کے موقع پر اہم اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔دوران اجلاس ایڈیشل آئی جی سی ٹی ڈی عمران محمود نے آئی جی پنجاب کو صوبہ بھر میں جاری سی ٹی ڈی کے آپریشنز اور کاروائیوں بارے بریفنگ دی۔
(روز نامہ پاکستان)
************