عوامی مشکلات کے فوری ازالے اور انہیں فوری ریلیف دینے کیلئے پنجاب پولیس نے دو نئی سروسز کا اجراء

عوامی مشکلات کے فوری ازالے اور انہیں فوری ریلیف دینے کیلئے پنجاب پولیس نے دو نئی سروسز کا اجراء
آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے سی پی او میں منعقدہ تقریب میں پنجاب پولیس واٹس ایپ سروسز اور آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کا آغاز کیا۔
پنجاب پولیس کا واٹس ایپ نمبر 1787  1787 033  ہے،اس نمبر پر شہری ہیلو یا سلام لکھ کر بھیجیں تو پولیس کی 15 سروسز کی تفصیل سامنے آ جائے گی۔ فیصل شاہکار
عوام کی سہولت کیلئے پنجاب پولیس کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کو بھی آن لائن کردیا گیاہے۔
 شہری آن لائن شکایات درج کرا کے نہ صرف ای ٹیگ نمبر حاصل کر سکتے ہیں بلکہ شکایات پر ہونے والی کاروائی بارے لمحہ بہ لمحہ اپ ڈیٹ بھی لے سکتے ہیں۔
اوورسیز پاکستانیوں کو بھی اس سروس کے تحت کہیں بھی بیٹھے معلومات مل سکتی ہیں،مستقبل میں سروسز کو مزید اپ گریڈ کیا جائے گا۔ فیصل شاہکار

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے کہاہے کہ پولیس سروس کا مستقبل آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ ہے اسی لئے پنجاب پولیس اپنی سروسز میں آئی ٹی کا دائرہ کار بڑھارہی ہے تاکہ شہری گھر بیٹھے بغیر کسی پریشانی کے پولیس خدمات سے مستفید ہوسکیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ عوامی شکایات کے فوری ازالے اور پولیس سروسز سے متعلقہ معلومات کی فوری فراہمی کیلئے پنجاب پولیس نے دو جدید سروسز ”پنجاب پولیس واٹس ایپ سروسز اور آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم“کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد پولیس خدمات کو تھانوں اور دفاتر سے نکال کر شہریوں کے گھروں تک پہنچانا ہے تاکہ شہری اپنی سہولت کے مطابق نہ صرف شکایات کا اندراج کرواسکیں بلکہ ساتھ ہی ساتھ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول، ایف آئی آر کے اندراج سمیت دیگر معلومات صرف ایک کلک پر حاصل کرسکیں۔ فیصل شاہکار نے کہاکہ پنجاب پولیس کا واٹس ایپ نمبر  1787 1787 033 ہے جس سے ہر شہری بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانی مستفید ہونگے اور انہیں کسی بھی دستاویزات کے حصول یا پولیس کاروائی کیلئے پاکستان نہیں آنا پڑے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ان جدید سروسز کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کو کہیں بھی بیٹھے معلومات اور خدمات مل سکیں گی اور شہریوں کے فیڈ بیک کی روشنی میں مستقبل میں مزید سروسز بھی اس میں شامل کی جائیں گی۔آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے کہاکہ پنجاب پولیس اپنے تمام آئی ٹی پراجیکٹس کو ملٹی نیشنل کمپنیوں کی طرز پر ایک جدید ایپ میں یکجا کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو ایک ہی ایپ میں پولیسنگ سے متعلقہ تمام سہولیات میسر ہوسکیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ عوام کی سہولت کیلئے پنجاب پولیس کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کو بھی آن لائن کردیا گیا ہے، شہری آن لائن اپنی شکایات درج کرا کے نہ صرف ای ٹیگ نمبر حاصل کر سکتے ہیں بلکہ شکایات پر ہونے والی کاروائی بارے لمحہ بہ لمحہ اپ ڈیٹ بھی لے سکتے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کی سنٹرل پولیس آفس کے ساتھ ساتھ ضلعی سطح پر نگرانی کی جائے گی اور شکایات پر تاخیر سے ایکشن لینے والوں کے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں پنجاب پولیس واٹس ایپ سروسز اور آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے ڈیجیٹل افتتاح کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس نے میڈیا نمائندگان کو دونوں جدید سروسز کے استعمال اور فیچرز بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب پولیس اپنی آئی ٹی پراجیکٹس کو شہریوں کیلئے مزید آسان بنا رہی ہے اور پنجاب پولیس واٹس ایپ سروسز اور آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج کل ہر شہری واٹس ایپ استعمال کررہا ہے اور اگر اسے پولیس سے متعلقہ کوئی بھی کام درپیش ہے تو وہ 1787 1787 033  پر ہیلو، سلام یا 1 لکھ کر بھیجے تو پولیس کی 15 سروسز جس میں پنجاب پولیس کے بارے میں، کرائم رپورٹ، آئی جی پنجاب شکایت سیل،پولیس خدمت مراکز کی سہولیات، ہیلپ لائن نمبرز، صنفی ہراسگی کی رپورٹ،پولیس دفاتر، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے سہولیات، سوشل میڈیا،پنجاب پولیس ویب سائٹ، زینب الرٹ، انتہائی مطلوب مجرمان، سٹیزن پورٹل، گھریلو ملازمین کے کریمنل ریکارڈ کی تصدیق، رائے اور تجاویز وغیرہ کی تفصیل سامنے آ جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ معلومات کے حصول کیلئے شہریوں کو کسی دفتر جانے کی ضرورت نہیں بلکہ گھر بیٹھے اپنے موبائل سے ہی پولیس سروسز تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ ڈی آئی جی احسن یونس نے کہاکہ عوامی سہولت کیلئے پنجاب پولیس کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کو بھی آن لائن کردیا گیاہے جس کے ذریعے شہری تھانہ آئے بغیرپولیس سے براہ راست رابطہ رکھ کر خدمات حاصل کرسکیں گے۔ ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پولیس خدمت مراکز اور خدمت سنٹر کے بعد یہ دو جدید سروسز بھی پنجاب پولیس کی جانب سے خدمات کی فراہمی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی جس سے تمام شہری یکساں طور پر مستفید ہوسکیں گے۔ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے میڈیا نمائندگان کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہاکہ ان جدید سروسز کی عوامی سطح پر تشہیر کیلئے پنجاب پولیس کی ٹیمیں سکولوں میں جاکر آگاہی لیکچرز دیں گی تاکہ طلبا اپنے والدین کو ا ن جدید سروسز کے بارے میں آگاہ کریں اور زیادہ سے زیادہ شہری اس سے استفادہ کرسکیں۔ ایک صحافی کی جانب سے25مئی کے اقدامات بارے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس پر عوامی دباؤ بھی آتا ہے اور ہم اس کے عادی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمام پولیس افسران تجربہ کار ہیں دباؤ ہو یا نہ ہو وہ کام کرنے کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جوکچھ ہو گا قانون کے مطابق ہو گا قانون سے باہر کچھ نہیں ہو گااور ہم ہر صورت قانون کو ہی فالو کریں گے۔

(ہینڈ آؤٹ 419 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

**************************

Press Release Date: 
Tuesday, August 23, 2022