انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے کہاہے کہ اسپیشل برانچ پنجاب پولیس کی انتہائی اہم فیلڈ فارمیشن ہے جس کا کردارمعاشرے میں امن و امان برقرار رکھنے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے ہدایت کی کہ سپیشل برانچ امن و امان کی صورتحال کے ساتھ ساتھ فیلڈ افسران کی ورکنگ پرخصوصی نظر رکھیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ناجائز ذخیرہ اندوزی اور قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والوں کی نگرانی جاری رکھتے ہوئے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ ناجائز منافع کمانے والے قانون شکنوں کو سخت سزائیں دلوائی جاسکیں۔ آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ کو ہدایت کی کہ فورس میں موجود کرپٹ عناصر کی نشاندہی کریں، انہیں محکمے سے فوری نکال باہر کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ خود بھی اسپیشل برانچ کا ہیڈ رہا ہوں، اسپیشل برانچ کے مسائل سے بخوبی آگا ہ ہوں، انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ خالی آسامیوں پر سٹاف کی کمی اور لاجسٹک مسائل کو جلد حل کیا جائے گا۔ آئی جی فیصل شاہکار نے ہدایت کی کہ افسران و اہلکاروں کی کپیسٹی بلڈنگ پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ وہ اپنے فرائض موثر انداز میں ادا کرتے ہوئے شہریوں کی جان وما ل کے تحفظ یقینی بنا سکیں۔ یہ ہدایات انہوں نے آج اسپیشل برانچ رابرٹس کلب کے دورے کے موقع پر افسران کو ہدایات دیتے ہوئے جاری کیں۔
آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے اسپیشل برانچ ہیڈ کوارٹرز رابرٹس کلب میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں سپیشل برانچ کے آر اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔قائم مقام ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ راجہ فیصل نے آئی جی پنجاب کو اسپیشل برانچ کے پیشہ ورانہ امور پر بریفنگ دی۔آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ کالعدم تنظیموں اور انکے سہولت کاروں کی نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
(روزنامہ ایکسپریس)
**************