شہداالاؤنس میں4 گنا اضافہ:پولیس کا رسک اور ٹریفک وارڈ نز کا الاؤنس بحال:پرویز الہیٰ

Aug 05, 2022

لاہور(سیاسی رپورٹر سے ، نیوز ایجنسیاں) وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے پولیس شہدا کے لیے کچھ نہیں کیا، شہباز شریف اور حمزہ صرف ٹوپی ڈرامہ کرتے رہے ۔انہوں نے پنجاب پولیس کی وردی میں تبدیلی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ وردی نہیں آپ نے پولیس کو ڈاکیا بنا دیا۔

 وردی پولیس کی وہ ہونی چاہیے جس سے چور ڈاکوؤں کو خوف آئے ۔پولیس لائنز میں شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ مجھے پتہ ہے شہدا کی فیملی پر کیا گزرتی ہے ،میں نے شہدا کے الاؤنس کو ڈبل نہیں کیا بلکہ 4 گنا الاؤنس ملیں گے ، پولیس کا ڈیلی فکس الاؤنس بھی بحال کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ قانون بنا کر پولیس میں ایسا نظام لائیں گے کہ جھوٹی ایف آئی آر والے کو سزا ملے گی، بہت سی پولیس ریفارمز اور نئے کام آپ دیکھیں گے ، میرا محور غریب آدمی اور ان کے بچے ہوں گے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پولیس ہسپتالوں کو بہترین ہسپتال بناؤں گا اور پولیس اہلکاروں کو مفت ادویات ملیں گی، پولیس شہدا کے بچے بڑے سکولوں میں مفت تعلیم حاصل کریں گے ، پنچایت والا نظام بھی دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔ پنجاب کابینہ میں ق لیگ میں کسی ایک کو بھی وزیر نہ بنانے سے متعلق سوال پر پرویز الٰہی نے جواب دیا کہ عمران خان نے مجھے وزیراعلیٰ بنا دیا، کافی ہے ، اب ہمارے اور پی ٹی آئی میں بکاؤ مال ختم ہو گیا۔انہوں نے کہا شہدا کی فیملیز کے بچوں کواچھے سکولوں میں مفت تعلیم دلائی جائے گی۔

کانسٹیبل سے آئی جی تک ساری پولیس کو رسک الاؤنس دیں گے ۔لیڈیز پولیس کے لئے علیحدہ پیکیج بنایا جائے گا۔جو اعلانات کیے ہیں ان پر عملدر آمد کیلئے اگلے ہفتے فالو اپ میٹنگ کال کرلی ہے ۔شہدا کی فیملیز اوربچوں کوعید پر خصوصی کیش پیکیج دیا جائے گا۔شہدا کی فیملیز اوربچوں کی تکالیف کو دل سے محسوس کرتا ہوں۔ٹریفک وارڈنز کے ساتھ زیادتیاں ہوئیں اورانہیں ایک وردی دی گئی۔میں ٹریفک وارڈنز کو 7وردیاں دوں گااوران کا الاؤنس بھی بحال کیا جائے گا۔پولیس میں اصلاحات کررہے ہیں،عوام جلد نتائج دیکھیں گے ۔ پولیس کی وردی کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔آئی جی کو ہنگامی بنیاد پر کام کرنے کا کہہ دیا ہے ،رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ خواتین زیادتی کیسز میں جلد ٹرائل یقینی بنایاجائے گا۔تھانے میں انصاف یقینی بنائیں گے ۔ پرویز الٰہی نے پولیس لائن میں پولیس شہدا کی فیملیز اوربچوں سے ملاقات کی اور یوم شہدائے پولیس پر شہدا کی فیملیز سے یکجہتی کااظہار کیا۔شہدا کی فیملیزاوربچوں نے وزیراعلیٰ کے ساتھ سیلفیاں لیں۔بچوں کو اپنے پاس بلا کران کے ساتھ تصویریں بھی بنوائیں۔پولیس شہدا کی فیملیز اوربچوں کولنچ پر مدعوکیا۔ پرویز الٰہی نے کامن ویلتھ گیمز میں ویٹ لفٹنگ کے مقابلوں میں گولڈمیڈل جیتنے پر پاکستانی ویٹ لفٹر محمد نوح دستگیربٹ کو مبارکباد دی ہے ۔ 

(روزنامہ دنیا)

**********