یوم شہدائے پولیس پر آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کا خصوصی پیغام،فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنیوالے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا

یوم شہدائے پولیس پر آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کا خصوصی پیغام،فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنیوالے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا
پنجاب پولیس کے 1500 سے زائد بہادر شہداء نے دوران ڈیوٹی اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔ فیصل شاہکار
میں ان شہیدوں کی ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے لخت جگر وطن عزیز پر قربان کیے۔ آئی جی پنجاب
میں ان شہداء کی فیملیز، والدین اور بچوں کو سلام پیش کرتا ہوں جن کے پیاروں نے شہادت کا عظیم مقام حاصل کیا۔ آئی جی پنجاب
بحیثیت سربراہ پنجاب پولیس شہداء کے خاندانوں کی بہترین ویلفیئر میری اولین ترجیح ہے۔ آئی جی پنجاب
آج کا دن شہداء کے ساتھ تجدید عہد کا دن یے، زندہ قومیں اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے یوم شہدائے پولیس کے موقع پر پنجاب پولیس کے سینکڑوں شہداء کی بے مثال قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے اپنے خصوصی پیغام میں کہاکہ قیام امن اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے پنجاب پولیس کے ماتھے کا جھومر اور قوم کے ہیرو ز ہیں جنہیں محکمہ پولیس کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ فیصل شاہکار نے کہاکہ پنجاب پولیس ہر برس 4 اگست کو پولیس شہداء ڈے کے طور پر مناتی ہے اور آج کا دن شہداء کے ساتھ تجدید عہد کا دن ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس کے 1500 سے زائد بہادر شہداء نے امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور شہداء کی قربانیاں ہمیں احساس دلاتی ہیں کہ ان جوانوں نے اپنے آج کو وطن عزیز پر قربان کر کے ہمارے کل کو محفوظ بنایا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ میں ان شہیدوں کی ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے لخت جگر وطن عزیز پر قربان کیے، میں ان شہداء کی فیملیز، والدین اور بچوں کو سلام پیش کرتا ہوں جن کے پیاروں نے شہادت کا عظیم مقام حاصل کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ بحیثیت سربراہ پنجاب پولیس شہداء کے خاندانوں کی بہترین ویلفیئر میری اولین ترجیح ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ خوشی اور غمی کے ہر موقع پر محکمہ پولیس اور فورس اپنے شہداء کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ آج پنجاب سمیت ملک بھر میں یوم شہدائے پولیس عزت و احترام سے منایا جارہا ہے اورتمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراداور شخصیات شہدائے پولیس کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ فیصل شاہکار نے کہاکہ زندہ قومیں اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرتیں،شہداء پولیس ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جن کی جرات اور بہادری کی داستانیں پوری فورس کیلئے مشعل راہ ہیں۔ فیصل شاہکار نے کہاکہ آج کے دن تمام پولیس افسران واہلکار اس عہد کی تائید کرتے ہیں کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کی خاطر ہمیں اگرمزید جانوں کے نذرانے پیش بھی کرنا پڑے تو اس سے دریغ نہیں کیا جائے گااور ہم ہر لمحہ سربکف میدان عمل میں تیار کھڑے ہیں اور شہادت کا جام نوش کرنے والے پنجاب پولیس کے بہادر شہداء کو  ایک بار پھرخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

(ہینڈ آؤٹ 381 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Thursday, August 4, 2022