پولیس عزاداری جلوسوں، مجالس کی سکیورٹی کیلئے مصروف عمل،آئی جی پنجاب

Aug 04, 2022

لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب فیصل شاہکار کی ہدایت پر عشرہ محرم الحرام کے حوالے سے پنجاب پولیس صوبہ بھر میں عزاداری جلوسوں اور مجالس کی فول پروف سکیورٹی کیلئے شب و روز مصروف عمل ہے اور جاری کردہ سکیورٹی پلان کے مطابق تمام اضلاع میں بھرپور سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جارہے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 9292 عزاداری جلوس اور 37223 مجالس منعقد ہو رہی ہیں، جلوسوں کی سیکیورٹی پر 176477 جبکہ مجالس کی سیکیورٹی پر 194086 افسران و اہلکار اور رضاکار ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں محرم کی مجالس اور جلوسوں بارے انہوں نے بتایا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران لاہور میں 460 جلوس اور 3868 مجالس منعقد ہو رہی ہیں اوران جلوسوں کی سیکیورٹی پر 7743 جبکہ مجالس کی سیکیورٹی پر 20788 افسران واہلکار ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایاکہ سیف سٹی اتھارٹی لاہور میں محرم سرویلنس سنٹر قائم ہو گیا ہے، لاہور میں سیف سٹی کے 650 سے زائد کیمروں اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ جاری ہے۔

(روز نامہ پاکستان)

************