امام بارگاہوں اورمساجد کے فول پروف انتظامات کا حکم

Aug 03, 2022

لاہور ( کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے کہا ہے کہ عاشورہ کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات اور محرم الحرام کے لیے تشکیل کردہ سکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔

 انہوں نے کہا کہ پولیس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر امن کمیٹیوں کے فعال کردار کو یقینی بنائیں، تمام مکاتب فکر کے علما اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر باہمی ہم آہنگی کی فضا قائم کریں جبکہ شہر میں داخلی و خارجی راستوں کے علاوہ حساس مقامات، امام بارگاہوں، مساجد اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عاشورہ کے جلوسوں کے تمام روٹس کی سیف سٹی اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے اور سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور حساس ادارے سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز میں تیزی لائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ پولیس لائنز لاہور میں محرم الحرام کی سکیورٹی اور جرائم کی صورت حال پر کیے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔

(روزنامہ دنیا)

**********