ہائی وے پٹرولنگ اوور سپیڈگارڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرے:آئی جی

Aug 02, 2022

 

انسپکٹر جنرل آف پنجاب پولیس فیصل شاہکار نے کہا ہے کہ پنجاب ہائی وے پٹرولنگ حادثات کی روک تھام کے لیے اوور سپیڈنگ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ پی شاہرات پر نئی چیک پوسٹوں کے قیام کے ساتھ ساتھ موئثر نگرانی کو بھی یقینی بنائے۔ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے کہا ہے کہ شاہراہوں پر شہریوں کے تحفظ اور انہیں دوران سفر بہترین پولیس سروسز کی فراہمی پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاہرات پر جرائم کی روک تھام کے لیے پی ایچ پی کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہو گا اور اس مقصد کے لیے انہیں مزید وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ٹریفک پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرولنگ کی کارکردگی بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں افسران کو ہدایات دیتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہروں میں ٹریفک مسائل کو حل کرنے کے لئے ٹریفک پولیس کو اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرنا ہو گا۔

ون ویلنگ، ہیلمیٹ کے استعمال، ون وے کی خلاف ورزی، رانگ پارکنگ اورکالے شیشوں کے استعمال پر آگاہی مہم چلائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شدید گرمی اور حبس میں سڑکوں پر ڈیوٹی سرانجام دینے والے ٹریفک وارڈنز اور دیگر اہلکار ہمارے اصلی ہیرو ہیں۔ انھوں نے ٹریفک وارڈنز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس میں نئی بھرتیاں، میرٹ پر ترقیاں اور بہتر ورکنگ ماحول کی فراہمی سے ٹریفک وارڈنز کا مورال بہتر ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس بہترین فورس ہے جس پر خصوصی توجہ دے کر اس کی کارکردگی میں مزید بہتری لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس میں فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے والوں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ فیصل شاہکار نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں رش کے اوقات میں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے سی ٹی او لاہور کو خصوصی ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں رش کے اوقات میں ٹریفک کے بہاو کو برقرار رکھنے کے لئے اضافی وارڈن تعینات کئے جائیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز آپریشنز، فنانس اینڈ ویلفیئر،پی ایچ پی، ڈی آئی جی پی ایچ پی, ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب، سی ٹی او لاہور، ایس ایس پی ایم ٹی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

(روزنامہ خبریں)

 

********