آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کی زیر صدارت لاہور پولیس کا اجلاس، محرم الحرام سکیورٹی اور جرائم کنٹرول کے اقدامات کا جائزہ لیا۔

آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کی زیر صدارت لاہور پولیس کا اجلاس، محرم الحرام سکیورٹی اور جرائم کنٹرول کے اقدامات کا جائزہ لیا۔
 امن کمیٹیوں کے فعال کردار کو یقینی بنائیں، تمام مکاتب فکر کے علماء اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر باہمی ہم آہنگی کی فضا قائم کریں۔ فیصل شاہکار
عاشورہ کے جلوس کے تمام روٹس کی سیف سٹی اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے۔ آئی جی پنجاب
شہریوں کے ساتھ بدسلوکی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،پولیس کے رویے میں واضح تبدیلی نظر آنی چاہیے۔فیصل شاہکار
 جینڈر کرائم سیل کو ازسر نو تشکیل دیکر مزید فعال بنایا جائے، خواتین اہلکاروں و افسران کو بھی فیلڈ میں موقع دیا جائے۔ آئی جی پنجاب
 اوورسیز پاکستانیوں اور معصوم شہریوں کے املاک پر قبضہ کرنے والے قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ فیصل شاہکار
سی سی پی او نے کرائم کنٹرول جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز نے عاشورہ محرم کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، فیصل شاہکار نے کہا ہے کہ عاشورہ کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات اور محرم الحرام کے لیے تشکیل کردہ سکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر امن کمیٹیوں کے فعال کردار کو یقینی بنائیں، تمام مکاتب فکر کے علماء اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر باہمی ہم آہنگی کی فضا قائم کریں جبکہ شہر میں داخلی و خارجی راستوں کے علاوہ حساس مقامات، امام بارگاہوں، مساجد اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عاشورہ کے جلوس کے تمام روٹس کی سیف سٹی اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے اور سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور حساس ادارے سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز میں تیزی لائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ڈسٹرک پولیس لائنز لاہور میں محرم الحرام کی سکیورٹی اور جرائم کی صورت حال پر کیے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے کرائم کنٹرول جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز افضال کوثر نے عاشورہ محرم کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات بارے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران آئی جی پنجاب نے خواتین اور بچوں پر تشدد اور ہراسگی کے کیسز سے متعلق زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کرنے اور جینڈر کرائم سیل کو ازسر نو تشکیل دیکر مزید فعال بنانے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ فورس میں شامل خواتین اہلکاروں و افسران کو بھی فیلڈ میں موقع دیا جائے۔ فیصل شاہکار نے کہا کہ شہریوں کے ساتھ بدسلوکی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، افسران کے رویے میں واضح تبدیلی نظر آنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری اور مظلوموں کی داد رسی کر کے ہی پولیس شہریوں کا اعتماد اور تعاون حاصل کرسکتی ہے لہذامقدمات کے اندراج میں کسی قسم کی تاخیر ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں اور معصوم شہریوں کے املاک پر قبضہ کرنے والے قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اورشہر میں سٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرتے ہوئے منظم گینگز کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ حساس مساجد، امام بارگاہوں، پبلک مقامات اور مارکیٹوں کے قریب ڈولفن اور پیرو کی پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے فیلڈ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مقدمات کی پیروی کرنے کے لیے آنے والے شہریوں کو تفتیشی افسران مکمل تعاون کریں۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر، ڈی آئی جی آپریشنزافضال احمد کوثر، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کامران عادل، سی ٹی او لاہور منتظر مہدی، آپریشنز اور انویسٹی گیشن کے ایس ایس پیز تمام ڈویژنل ایس پیز اور لاہور پولیس کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔
قبل ازیں آئی جی پنجاب کی پولیس لائنز آمد پر شہداء کے بچوں نے آئی جی پنجاب کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ آئی جی پنجاب نے لاہور پولیس لائنزمیں یاد گارشہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کے بلند درجات کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ فیصل شاہکار نے لاہور پولیس کے شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اوریادگار شہداء پر یاداشت کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔
 

(ہینڈ آؤٹ 378 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Tuesday, August 2, 2022