آئی جی فیصل شاہکار نے پنجاب پولیس کی کمانڈ سنبھال لی

Jul 26, 2022

 لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے پنجاب پولیس کی کمانڈ باضابطہ طور پر سنبھال لی ہے۔ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کی سنٹرل پولیس آفس آمد کے موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی جبکہ ایڈیشنل آئی جیز اور ڈی آئی جیز سمیت دیگر افسران نے آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کو خوش آمدید کہا۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے عہدے کا چارج لینے کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے پولیسنگ اور جرائم کنٹرول بارے اپنی ترجیحات بیان کیں۔ فیصل شاہکار نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو آئی جی پنجاب نے کہاکہ سابق آئی جی صاحبان کی مثبت اصلاحات اور پالیسیوں کو نہ صرف جاری رکھا جائے گا بلکہ نئے جذبے اور ولولے کے ساتھ شہریوں کو سکیورٹی اور خدمات فراہم کی جائیں گی۔ فیصل شاہکار نے کہاکہ قانون کی پاسداری، جرائم کنٹرول اور خواتین و بچوں سے زیادتی و تشدد کے واقعات کی روک تھام میری اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے گی۔ فیصل شاہکار نے کہاکہ جرائم کنٹرول میں پولیس کا رسپانس ریٹ بنیادی نوعیت کا حامل ہے پولیسنگ کو ماڈرن لائنزپر استوار کریں گے اور پولیس میں جزاو سزا کے عمل کو مزید سخت کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ سیف سٹی کرائم کنٹرول کے حوالے سے جدید منصوبہ ہے جس کے خراب کیمروں کی تصحیح کے ساتھ ساتھ مزید وسائل کی فراہمی سے اسکے دائرہ کار کو مزید بڑھایا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ جرائم کے رحجانات میں تبدیلی آرہی ہے، جدید ٹیکنالوجی کے موثرا ستعمال سے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور عوامی خدمت کے عمل کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد میں نے سب سے پہلی بریفنگ کچے کے علاقے میں جاری آپریشن بارے لی ہے،کچے کے علاقے سے سماج دشمن عناصر کے مستقل خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

(روزنامہ پاکستان)

********