راولپنڈی تھانہ جاتلی کے علاقہ دولتالہ میں آج صبح ملزمان کی فائرنگ سے جواں سالہ پولیس کانسٹیبل ذیشان شہید
شہید کانسٹیبل ذیشان کی نماز جنازہ پولیس لائن ہیڈکوارٹرز جہلم میں ادا،آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کی نماز جنازہ میں شرکت۔
کانسٹیبل ذیشان نے بہادری سے مجرمان کا تعاقب کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ آئی جی پنجاب
پنجاب پولیس کانسٹیبل ذیشان کی فرض شناسی اور عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ فیصل شاہکار
شہداء کی فیملیز کی ویلفیئر میری اولین ترجیح ہے، شہید کانسٹیبل کے ورثاء کی مکمل دیکھ بھال کرے گی۔آئی جی پنجاب فیصل شاہکار
شہید کانسٹیبل ذیشان کے سوگواران میں والدہ اور تین بہنیں شامل ہیں۔آر پی او راولپنڈی ریجن عمران احمر
شہید کانسٹیبل ذیشان علی کی تدفین سرکاری اعزاز کیساتھ انکے آبائی گاؤں بڑھل منگلا کینٹ میں کر دی گئی۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے کہاہے کہ پنجاب پولیس 1500سے زائد عظیم شہداء اور ہزاروں غازیوں کی امین فورس ہے، قوم کے ان بہادر بیٹوں نے شہریوں کی جان وما ل کے تحفظ کو اپنی جانوں سے بھی زیادہ مقدم گردانتے ہوئے فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس جہلم کا بہادر سپوت کانسٹیبل ذیشان علی بھی آج ان عظیم شہداء میں شامل ہوگیاہے جن کی لازوال قربانی پوری فورس کیلئے مشعل راہ کا درجہ رکھتی ہے۔ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے کہاکہ کانسٹیبل ذیشان جیسے شہداء کی لازوال قربانیاں محکمہ پولیس کے لیے باعث فخر ہیں اور پنجاب پولیس فرض شناسی کی اس لازوال مثال کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے کہا کہ بحیثیت سربراہ پنجاب پولیس شہداء کی فیملیز کی بہترین ویلفیئر میری اولین ترجیح ہے اورپنجاب پولیس شہید کانسٹیبل کے ورثاء کی مکمل دیکھ بھال کرے گی۔ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے ہدایت کی کہ ڈی پی او جہلم کانسٹیبل ذیشان علی کی فیملی کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور ذاتی دلچسپی سے انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز جہلم میں کانسٹیبل ذیشان علی شہیدکی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعدگفتگو کرتے ہوئے کیا۔آئی جی پنجاب نے شہید کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور اسکے اہل خانہ سے ملاقات کرتے ہوئے ہر ممکن محکمانہ تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی تھانہ جاتلی کے علاقہ دولتالہ میں آج صبح ملزمان کی فائرنگ سے جواں سالہ پولیس کانسٹیبل ذیشان نے جام شہادت نوش کیا جبکہ واقعہ میں ہیڈ کانسٹیبل ہمایوں شدید زخمی ہوگیا۔ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے خصوصی طور پر جہلم پہنچے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالے ہیڈکانسٹیبل ہمایوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ آر پی او راولپنڈی عمران احمر نے بتایا کہ شہید کانسٹیبل ذیشان کے سوگواران میں والدہ اور تین بہنیں شامل ہیں پنجاب پولیس شہید کانسٹیبل کے ورثاء کی مکمل دیکھ بھال کرے گی۔ شہید کانسٹیبل ذیشان علی کی تدفین سرکاری اعزاز کیساتھ انکے آبائی گاؤں بڑھل منگلا کینٹ جہلم میں کر دی گئی۔نماز جنازہ میں آر پی او راولپنڈی ریجن،سی پی او راولپنڈی اور ڈی پی او جہلم سمیت دیگر افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
(ہینڈ آؤٹ 370 )
اُسامہ محمود
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

