وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت کی درخواست پر آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی تبدیلی کی منظوری دیتے ہوئے انکی جگہ فیصل شاہکار کو انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس جبکہ راؤ سردار کو انسپکٹر جنرل ریلوے پولیس تعینات کردیا۔ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب راؤ سردار نے عہدے پر مزید کام کرنے سے معذرت کرتے ہو ئے وزیراعلی کے نام اپنے وفاق میں تبادلے کی درخواست کی تھی جس کے بعد پولیس افسر فیصل شاہکار کو نیا آئی جی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق درخواست دینے سے قبل راؤ سردار علی خاں نے پنجاب پولیس کے کمانڈر کے طور کام جاری رکھنے یا عہدہ چھوڑے کے حوالے سے افسران سے مشاورت بھی کی تھی،ان کے عہدہ چھوڑنے کے بعد پنجا ب حکومت نے فیصل شاہکار کو نیا آئی جی پنجاب جبکہ سابق آئی جی راؤ سردار کو آئی جی ریلوے تعینات کر دیا گیا۔اس ضمن میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔فیصل شاہکار اس سے پہلے آئی جی پولیس ریلوے تھے، نئے آئی جی پنجاب فیصل شاہکار پاکستان پولیس سروس کے گریڈ 21 کے آفیسر ہیں،انکا تعلق 16 کا من سے ہے۔فیصل شاہکار نے 1988میں بطور اے ایس پی پاکستان پولیس سروس جوائن کی۔انہوں نے لگ بھگ تین برس ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ کے عہدے پر خدمات سر انجا م دیں۔ فیصل شاہکار ساہیوال اور گوجرانوالہ میں ریجنل پولیس آفیسر کے عہدوں پر بھی تعینات رہے۔ فیصل شاہکار تین باراقوام متحدہ مشن پربوسنیا اور لائبریا سمیت دیگر ممالک میں بھی فرائض اداکر چکے ہیں۔فیصل شاہکار لاہور، شیخوپورہ، ساہیوال، ملتان، پاکپتن، ٹوبہ ٹیک سنگھ، تھرپارکر، ننکانہ اور گوجرانوالہ میں اہم عہدوں پر تعینات رہ چکے ہیں۔
(روز نامہ سٹی 42)
***********