نئے تعینات ہونے والے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار کی سنٹرل پولیس آفس آمد

نئے تعینات ہونے والے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار کی سنٹرل پولیس آفس آمد
آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے پولیس کی کمانڈ باضابطہ طور پر سنبھال لی۔
پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، سی پی او میں تعینات افسران نے آئی جی پنجاب کو خوش آمدید کہا۔
 پنجاب میں مینجمنٹ پوزیشنز پر لمبے عرصہ سے کام کر رہا ہوں، پولیسنگ کے تمام بنیادی اور ابھرتے چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہوں۔ آئی جی پنجاب
قانون کی پاسداری، جرائم کا خاتمہ، غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی اور خواتین و بچوں سے زیادتی و تشددکے واقعات کی روک تھام اولین ترجیح ہے۔ آئی جی پنجاب
کچے کے علاقے سے سماج دشمن عناصر کے مستقل خاتمے کیلئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب
پولیس اسٹیشن کی ورکنگ کو موثر سپرویژن سے مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ لوگوں کے مسائل تھانے کی سطح پر ہی حل ہوسکیں۔ آئی جی پنجاب
سیف سٹی جرائم کنٹرول کے حوالے سے جدید منصوبہ ہے، مزید وسائل کی فراہمی سے اسکے دائرہ کار کو مزید بڑھایا جائے گا۔۔ آئی جی پنجاب
جرائم کے اعداد و شمار کے ساتھ ساتھ عوامی رائے پولیس کی کارکردگی جانچنے کا اصل معیار ہے۔ آئی جی پنجاب

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے پنجاب پولیس کی کمانڈ باضابطہ طور پر سنبھال لی ہے۔ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کی سنٹرل پولیس آفس آمد کے موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی جبکہ ایڈیشنل آئی جیز اور ڈی آئی جیز سمیت دیگر افسران نے آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کو خوش آمدید کہا۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے عہدے کا چارج لینے کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے پولیسنگ اور جرائم کنٹرول بارے اپنی ترجیحات بیان کیں۔
آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کیرئیر کے ابتداء میں بطور اے ایس پی خیبر پختونخواہ میں تعینات رہا جس کے بعد میں نے اپنی سروس کا زیادہ حصہ صوبہ پنجاب میں مینجمنٹ پوزیشنز پر گذارا جبکہ دنیا کے کئی ممالک میں بھی خدمات کی سرانجام دہی کا موقع رہا جس کی وجہ سے میں پولیسنگ کے تمام بنیادی اور ابھرتے ہوئے چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہوں اوران تمام چیلنجز سے احسن انداز میں نبرد آزما ہونے کیلئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم پلاننگ اور بروقت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ سابق آئی جی صاحبان کی مثبت اصلاحات اور پالیسیوں کو نہ صرف جاری رکھا جائے گا بلکہ نئے جذبے اور ولولے کے ساتھ شہریوں کو سکیورٹی اور خدمات فراہم کی جائیں گی۔ فیصل شاہکار نے کہاکہ قانون کی پاسداری، جرائم کنٹرول اور خواتین و بچوں سے زیادتی و تشدد کے واقعات کی روک تھام میری اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے ان خیالات کا اظہار سنٹرل پولیس آفس میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے میڈیا نمائندگان کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات بھی دئیے۔
آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے کہاکہ جرائم کے اعداد و شمار کے ساتھ ساتھ عوامی رائے پولیس کی کارکردگی جانچنے کا اصل معیار ہے، جرائم کنٹرول کے حوالے سے صرف اعداد و شمار پر اکتفاء نہیں کیا جائے گا بلکہ عوامی رائے کو خصوصی توجہ دی جائے گی۔ فیصل شاہکار نے کہاکہ جرائم کنٹرول میں پولیس کا رسپانس ریٹ بنیادی نوعیت کا حامل ہے پولیسنگ کو ماڈرن لائنزپر استوار کریں گے اور پولیس میں جزاو سزا کے عمل کو مزید سخت کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ سیف سٹی کرائم کنٹرول کے حوالے سے جدید منصوبہ ہے جس کے خراب کیمروں کی تصحیح کے ساتھ ساتھ مزید وسائل کی فراہمی سے اسکے دائرہ کار کو مزید بڑھایا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ جرائم کے رحجانات میں تبدیلی آرہی ہے، جدید ٹیکنالوجی کے موثرا ستعمال سے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور عوامی خدمت کے عمل کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد میں نے سب سے پہلی بریفنگ کچے کے علاقے میں جاری آپریشن بارے لی ہے،کچے کے علاقے سے سماج دشمن عناصر کے مستقل خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس کی بنیادی اکائی پولیس اسٹیشن کی ورکنگ کو موثر سپرویژن سے مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ لوگوں کے مسائل گراس روٹ لیول تھانے کی سطح پر ہی حل ہوسکیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ہمارے پاس سب سے پہلا ٹاسک محرم الحرام کی فول پروف سکیورٹی ہے،محرم الحرام کے مجالس و جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کلوز کوارڈنیشن سے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ایف آئی آر کے بروقت اندراج کے ساتھ ساتھ جرائم کی ورک آؤٹ شرح کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ تقرری و تبادلہ صرف اور صرف میرٹ بیسڈ ہوگی، تھانوں میں ان افسران و اہلکاروں کو پوسٹنگ دی جائے گی جن کی پبلک ڈیلنگ بہتر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کو برقرار رکھنے، شہریوں کی جان ومال کے تحفظ، اسٹریٹ کرائمز اور منظم جرائم پر قابو پانے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایاجائے گا۔ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے کہاکہ غیر ملکی شہریوں بالخصوص چینی باشندوں کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے اس حوالے سے اقدامات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

(ہینڈ آؤٹ 368 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Monday, July 25, 2022