آئی جی پنجاب کا تمام اضلاع میں پولیس فورس کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے الرٹ رہنے کا حکم
ایمرجنسی صورتحال میں تعیناتی کے لیے نفری کودوسرے اضلاع سے بھی فوری بلایا جا سکتا ہے۔ آئی جی پنجاب
کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال رہے گا،الیکشن کمیشن اور متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطے کو یقینی بنایا جائے۔ راؤ سردار علی خان
ضمنی انتخابات والے اضلاع میں سکیورٹی کے ساتھ ساتھ ٹریفک مینجمنٹ کے لیے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ آئی جی پنجاب
انتخابی عمل کے دوران الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن کے لیے پولیس ٹیمیں تیار ہیں۔ اے آئی جی آپریشنز
انتخابی سامان اور بیلٹ باکسز کی بحفاظت ترسیل کے دوران روٹس کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ اے آئی جی آپریشنز
آئی جی پنجاب کا ضمنی انتخابات کے لیے قائم پولیس کنٹرول روم کا اچانک دورہ۔ سٹاف ورکنگ کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایات جاری کیں۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خا ن نے کہاہے کہ صوبے کے 14اضلاع میں ضمنی انتخابات کے پر امن انعقاد کیلئے پولیس فورس پوری طرح الرٹ ہے اوراس اہم قومی ذمہ داری کے دوران پولیس ٹیمیں صوبائی الیکشن کمیشن کو مکمل سپورٹ اور تعاون فراہم کریں گی۔ آئی جی پنجا ب نے کہاکہ صوبے کے 14اضلاع کے 20حلقوں میں ضمنی انتخابات کی سکیورٹی کیلئے52ہزار سے زائد اہلکار و افسران تعینات کئے گئے ہیں جو بھرپور محنت، ایمانداری اور خلوص نیت کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کو یقینی بنائیں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب بھر کے 3100 سے زائد پولنگ سٹیشنزپر سکیورٹی عملہ تعینات ہو چکا ہے جو انتخابی عمل مکمل ہونے تک ڈیوٹی پر مامور رہے گا۔راؤ سردار علی خان نے تمام اضلاع میں پولیس فورس کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے ہائی الرٹ رہنے کا حکم جاری کیا۔ انہوں نے کہاکہ ایمرجنسی صورتحال میں تعیناتی کے لیے دوسرے اضلاع سے بھی نفری کو فوری طورپر بلایا جا سکتا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ لاہور، ملتان سمیت تمام حساس اضلاع میں سپروائزری افسران خود الیکشن سکیورٹی انتظامات کی نگرانی یقینی بنائیں اور نقص امن کی کسی کوشش کو کامیاب نہ ہونے دیا جائے۔ راؤ سردار علی خان نے ہدایت کی کہ جن اضلاع میں الیکشن نہیں ہو رہے وہاں پر بھی نفری کو ہائی الرٹ رکھا جائے جبکہ ضمنی انتخابات والے اضلاع میں سکیورٹی کے ساتھ ساتھ ٹریفک مینجمنٹ کے لیے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ ووٹنگ کیلئے آنے والے شہریوں کو کسی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ضمنی انتخابات کی سکیورٹی کیلئے قائم کنٹرول روم کے اچانک دورے کے دوران مجموعی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔
آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال رہے گا،الیکشن کمیشن اور متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطے کو یقینی بنایا جائے۔ اے آئی جی آپریشنز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سنٹرل پولیس آفس کنٹرول روم کو ضمنی انتخابات والے اضلاع کے کنٹرول رومز کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ انتخابی عمل کے دوران الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن کے لیے پولیس ٹیمیں تیار ہیں اور انتخابی سامان اور بیلٹ باکسز کی بحفاظت ترسیل کے دوران روٹس کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔آئی جی پنجاب نے کنٹرول میں تعینات سٹاف کی ورکنگ اور اطلاعات کی ترسیل کے نظام کا جائزہ لیا اور تمام سٹاف کو ہائی الرٹ ہوکر بھرپور ایمانداری اور شفافیت کے ساتھ فرائض کی ادائیگی یقینی بنانے کے احکامات دئیے۔
(ہینڈ آؤٹ 360 )
اُسامہ محمود
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

