عید پر سی ٹی او مری کو ٹریفک کے بہترین انتظامات کرنیکا ٹاسک

Jul 07, 2022

انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس رائو سردار علی خان نے کہا ہے کہ عید قربان کی چھٹیوں میں سیاحوں کی سہولت اور تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،رش کے پیش نظر اضافی نفری تعینات کی جائے غفلت کسی صورت برداشت نہیں ہو گی،مری میں گاڑیوں کے داخلے اور اخراج کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب نے بدھ کوعید سکیورٹی و ٹریفک مینجمنٹ پلان کا جائزہ لینے کیلئے مری کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب نے عید کی چھٹیوں میں سیاحوں کی حفاظت، ٹریفک کی روانی اور انتظامی امور بارے ہدایات جاری کیں۔ آئی جی پنجاب پولیس پولیس رائو سردار علی خان نے عید کی چھٹیوں اور لانگ ویک اینڈ پر سی ٹی او راولپنڈی کو مری کے ٹریفک کے بہترین انتظامات کرنے کا ٹاسک دیااور ٹورزم پولیس کے جوانوں کی کارکردگی اور جوش و جذبے کو سراہا۔

رائو سردار علی خان نے کہا کہ مری ٹورازم پولیس کے اہلکار سیاحوں کی مدد اور تحفظ کیلئے کوئی کسرنہ اٹھا رکھیں، عید چھٹیوں میں مری کی شاہرات پر ٹریفک کی روانی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سپروائزری افسران عید کی چھٹیوں میں خود فیلڈ میں نکل کر ٹریفک اورسکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں، پری مون سون سیزن اور شدید بارشوں کے پیش نظر ہرطرح کے حالات سے نمٹنے کی تیاری رکھی جائے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس،ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق انتظامات مکمل کریں اورکسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے اضافی پولیس ٹیمیں ہر وقت تیار رہیں۔آئی جی پنجاب نے پتریاٹہ میں پولیس کاٹیج کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر آر پی او راولپنڈی، سی پی او راولپنڈی، مری ٹورازم اور ٹریفک پولیس کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(روزنامہ 92)

**********