آئی جی پنجاب نے عید قربان کی آمد کے پیش نظر مویشی منڈیوں کے سکیورٹی انتظامات کیلئے ہدایات جاری کردیں۔
صوبہ بھر میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم کی جانے والی مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب
سٹریٹ کرائم، راہزنی اور مویشی چوری کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دیا جائے۔ راؤ سردار علی خان
منڈیوں میں اہم مقامات پر چیک پوسٹیں قائم کی جائیں جبکہ منڈیوں کے اطراف پارکنگ کا معقول انتظام رکھا جائے۔ آئی جی پنجاب
ہائی ویز پر بیوپاریوں اور مسافروں کے تحفظ کیلئے پی ایچ پی ٹیموں کی اضافی پٹرولنگ کا انتظام کیا جائے۔ راؤ سردار علی خان
قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے حوالے سے حکومت پنجاب کی جاری کردہ ہدایات پر من و عن وعمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہاہے کہ عید قربان کی مناسبت سے صوبے کے تمام اضلاع میں قائم مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے سپر وائزری افسران کو ہدایت کی کہ مویشی منڈیوں کے اطراف میں سٹریٹ کرائم، راہزنی اور مویشی چوری کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں اور صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے منظور کردہ پوائنٹس کے علاوہ کسی اور مقام پر مویشی منڈی لگانے کی اجازت نہ دی جائے۔ راؤ سردار علی خان نے ہدایت کی کہ صوبائی دارالحکومت لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان اور راولپنڈی سمیت دیگر بڑے شہروں میں خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ مویشی منڈیوں میں اہم مقامات پر چیک پوسٹیں قائم کی جائیں جبکہ مویشی منڈیوں سے مناسب فاصلوں پر پارکنگ جگہوں کا معقول انتظام رکھا جائے۔ انہوں نے کہاکہ مویشی منڈیوں کے گردونواح میں ٹریفک کے اضافی لوڈ کو برقرار رکھنے کیلئے اضافی نفری کو تعینات کیا جائے اور ٹریفک کے ہموار روانی کو ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ ہائی ویز پر بیوپاریوں اور مسافروں کے تحفظ کیلئے پی ایچ پی ٹیموں کی اضافی پٹرولنگ کا انتظام کیا جائے تاکہ مویشی منڈیوں میں قربانیوں کے جانوروں کیلئے آنے جانے والے شہریوں اور بیوپاریوں کو کسی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے حوالے سے حکومت پنجاب کی جاری کردہ ہدایات پر من و عن وعمل درآمد یقینی بنایا جائے اورنام بدل کر بھی کسی کالعدم تنظیم کو قربانی کی کھالیں اکٹھی نہ کرنے دی جائے اور خلاف ورزی پر سخت قانونی کاروائی یقینی بنائی جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تمام کالعدم تنظیموں کی نگرانی کا عمل مزید موثر بنایا جائے اور کھالیں اکٹھی کرنے یا بیچ کر رقم اکٹھی پر پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے یہ ہدایات عید سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران صوبے کے تمام سپروائزری افسران کو جاری کیں۔
آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کے ساتھ ساتھ نماز عید اجتما عات کی سکیورٹی کو بھی مد نظر رکھا جائے اور مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پر ہونے والے عید اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایاجائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ حساس اضلاع میں سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے اور پولیس ٹیمیں سپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی کے ساتھ مل کر شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائیں۔
(ہینڈ آؤٹ 324 )
اُسامہ محمود
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************