آئی جی پنجاب کا لاہور میں دو سیاسی گروپوں کے درمیان پیش آنے والے کشیدگی کے واقعہ پر لاہور پولیس پر برہمی کا اظہار۔

آئی جی پنجاب کا لاہور میں دو سیاسی گروپوں کے درمیان پیش آنے والے کشیدگی کے واقعہ پر لاہور پولیس پر برہمی کا اظہار۔
ایسے واقعات میں غفلت کسی صورت قبول نہیں، ذمہ داروں کے خلاف بلا تفریق سخت ایکشن لیا جائے۔ آئی جی پنجاب
صوبہ بھر میں ضمنی انتخابات کی الیکشن مہم کے دوران الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب
قانون ہاتھ میں لینے والے افراد کا تعلق کسی بھی پارٹی سے ہو بلا امتیاز کاروائی یقینی بنائی جائے۔ راؤ سردار علی خان
 آئی جی پنجاب کی سپیشل برانچ اور انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی بیوروکو پولیس افسران کی کارکردگی کی خفیہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت
بچوں اور خواتین سے متعلقہ کیسز پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں آر پی اوز، ڈی پی اوز کا ویڈیو لنک پرہنگامی اجلاس

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہاہے کہ صوبہ بھر میں ضمنی انتخابات کی انتخابی مہم کے دوران الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے لاہور میں دو سیاسی گروپوں کے درمیان پیش آنے والے کشیدگی کے واقعہ پر لاہور پولیس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایسے واقعات میں غفلت کسی صورت قبول نہیں، ذمہ داروں کے خلاف بلا تفریق سخت ایکشن لیا جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ جن جن اضلاع میں ضمنی انتخابات ہورہے ہیں وہاں فیلڈ افسران خصوصی توجہ دیں اور نقص امن کی سرگرمیوں میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے افراد کا تعلق کسی بھی پارٹی سے ہو بلا امتیاز کاروائی یقینی بنائی جائے اورامن و امان کی فضا کو کسی صورت خراب نہ ہونے دیا جائے۔ راؤ سردار علی خان نے ہدایت کی کہ غیر قانونی اسلحہ کی نمائش، استعمال اور کاروبار میں ملوث ڈیلرز کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے اور خلاف قانون سرگرمیوں میں ملوث ڈیلرزاور اسلحہ ہولڈرز کے لائسنس معطل کروائے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ میرٹ سے ہٹ کر کام کرنے والے پولیس افسران کے خلاف سخت ایکشن لیاجائے گا، تمام افسران اپنے اختیارات شہریوں کی جان ومال کے تحفظ اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے پر استعمال کریں۔ راؤ سردار علی خان نے چند اضلاع سے بچوں اور خواتین سے زیادتی اور تشدد کے کیسز رپورٹ ہونے پر اظہار تشویش کیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ بچوں اور خواتین پر تشدد، ہراسگی اور زیادتی کے واقعات پر پولیس ایکشن میں کوئی تاخیر یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ فیلڈ افسران تعلیمی اداروں، مدارس، مساجد اور اہم پبلک مقامات میں بچوں اور خواتین سے متعلقہ جرائم کی روک تھام بارے آگاہی مہم چلائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں آر پی اوز، ڈی پی اوز کے ویڈیو لنک پرہنگامی اجلاس کی صدارت کے دوران افسرا ن کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔
آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ صوبہ بھر میں غیر ملکی باشندوں بالخصوص چینی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی کاروباری مقاصد کیلئے آنیو الے چینی شہریوں، ماہرین اور کاروباری شخصیات کی سکیورٹی کیلئے ٹھوس اقداما ت کئے جائیں اور سکیورٹی انتظامات کے دوران انکی رہائش گاہوں، دفاتر اور ورکنگ سائٹس کی سکیورٹی کو بھی مد نظر رکھا جائے۔ آئی جی پنجاب نے سپیشل برانچ اور انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی بیورو(IAB)کو پولیس افسران کی کارکردگی کی خفیہ رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ تمام فیلڈ اور کمانڈ افسران کی مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔ ویڈیو لنک کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ صوبے کے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیولنک شرکت کی۔

(ہینڈ آؤٹ 313 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Monday, June 20, 2022