پنجاب پولیس اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے درمیان باہمی تعاون بڑھانے کیلئے معاہدہ

پنجاب پولیس اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے درمیان باہمی تعاون بڑھانے کیلئے معاہدہ
سی پی او میں منعقدہ تقریب میں ڈی آئی جی ویلفیئر عبدالغفار قیصرانی اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر جاوید اکرم نے ایم او یو پر دستخط کئے۔
 یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزسے منسلک ہسپتالوں میں پولیس اہلکاروں کو علاج کی سہولیات دینے کیلئے یو ایچ ایس معاون کا کردار ادا کریگی۔ ڈاکٹر جاوید اکرم
 یو ایچ ایس کے فرانزک سائنس طلبا کوپنجاب پولیس کے دفاتر میں چار سے چھ ہفتوں کیلئے انٹرن شپ کا موقع دیا جائے گا۔
تفتیشی افسران کے استعداد کار میں اضافے کیلئے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں ٹریننگ سیشنز کا انعقاد کرے گی۔
پنجاب پولیس طلباو طالبات سے براہ راست رابطے کیلئے تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون کو بڑھارہی ہے۔ آئی جی پنجاب
تعلیمی اداروں کے ساتھ پارٹنرشپ سے پولیس میں ریسرچ کے کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہاہے کہ پنجاب پولیس تعلیم و تحقیق کے شعبے کو فروغ دینے کیلئے تعلیمی اداروں کے ساتھ ایم او یو ز کے ذریعے باہمی تعاون بڑھا رہی ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ تعلیمی اداروں کے ساتھ پارٹنر شپ سے پولیس میں ریسرچ کے کلچر کو فروغ دیا جارہا ہے تاکہ نہ صرف طلبا و طالبات کو پولیس دفاتر میں انٹرن شپ کا مواقع میسر آتے رہیں بلکہ طلبا و طالبات کی ریسرچ رپورٹس سے استفادہ کرتے ہوئے سروس ڈلیوری میں مزید بہتری کیلئے بروقت اقدامات کئے جاسکیں۔راؤ سردار علی خان نے کہاکہ پنجاب پولیس عوام کی جان وما ل کے تحفظ، جرائم کی روک تھام کے ساتھ ساتھ بطور ادارہ اپنی سماجی ذمہ داریوں سے بھی پوری طرح آگا ہ ہے اور اس حوالے سے پنجاب پولیس انٹرن شپ پروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہو راور پنجاب پولیس کے مابین مفاہمتی یادداشت کی تقریب کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے درمیان باہمی تعاون بڑھانے کیلئے معاہدہ طے پایا۔سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں پنجاب پولیس کی طرف سے ڈی آئی جی ویلفیئر عبدالغفار قیصرانی اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر جاوید اکرم نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ایم او یو کے تحت دونوں ادارے تعلیمی و تحقیقی مقاصد کیلئے ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ اور باہمی تعاون کو بڑھائیں گے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزسے منسلک ہسپتالوں میں پولیس اہلکاروں کو علاج کی سہولیات دینے کیلئے یو ایچ ایس معاون کا کردار ادا کریگی۔ڈی آئی جی ویلفیئر عبدالغفار قیصرانی نے بتایا کہ ایم او یو کے تحت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے فرانزک سائنس طلبا کوپنجاب پولیس کے دفاتر میں چار سے چھ ہفتوں کیلئے انٹرن شپ کا موقع دیا جائے گا۔ایم او یو کے مطابق یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پولیس ملازمین کو فرانزک سائنس سے متعلقہ امور میں ہرممکن معاونت فراہم کرے گی جبکہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام اداروں میں پولیس ملازمین کیلئے ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلے کیلئے سیٹیں مختص کی جائیں گی۔UHSسے گریجویشن، ایم فل اور پی ایچ ڈی طلباپولیس سے متعلقہ موضوعات پر ریسرچ تھیسس لکھیں گے جبکہ دونوں ادارے ایک دوسرے کے عوامی پراجیکٹس کے متعلق شہریوں کی آگاہی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ ایم او یو کے تحت تفتیشی افسران کے استعداد کار میں اضافے کیلئے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں ٹریننگ سیشنز کا انعقاد کرے گی تاکہ فارنزک سائنس کے حوالے سے پولیس ملازمین کی استعداد کار میں اضافہ ہوسکے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے امن و امان کو برقرار رکھنے اور جرائم کی روک تھام کیلئے پنجاب پولیس کی کاوشوں کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے پنجاب پولیس کے جوانوں کی قربانیوں کو سراہا۔انہوں نے کہاکہ پنجاب پولیس چیلنجنگ ماحول میں شہریوں کی خدمت و حفاظت کے فرائض جانفشانی سے سر انجام دے رہی ہے۔اس موقع پر آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ بی اے ناصر، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر فاروق مظہر، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ ذوالفقار حمید سمیت دیگر افسران موجود تھے۔تقریب کے اختتام پر آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے درمیان یادگاری شیلڈزکا تبادلہ کیا گیا۔

(ہینڈ آؤٹ 298 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

**************************

Press Release Date: 
Friday, June 10, 2022