آئی جی پنجاب کی ہدایت پر شہریوں بالخصوص نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے کے لیے پولیس کی کاروائیاں جاری۔

آئی جی پنجاب کی ہدایت پر شہریوں بالخصوص نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے کے لیے پولیس کی کاروائیاں جاری۔
صوبہ بھر میں ماڈرن نشہ آور منشیات شیشہ، آئس، چرس، ہیروئن اور شراب کی تیاری، خریدو فروخت اور استعمال پر کریک ڈاؤن
رواں برس صوبہ بھر میں منشیات کی سپلائی چین میں ملوث اسمگلرز اور ڈیلرز کے خلاف 21726مقدمات درج جبکہ 22264گرفتار۔
ملزمان کے قبضے سے 10770 کلو گرام چرس، 324 کلو گرام ہیروئن،20855 گرام آئس اور 418215  لیٹر شراب برآمد۔
لاہور میں منشیات فروشوں کے خلاف 3270 مقدمات درج کرتے ہوئے 3321 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ترجمان پنجاب پولیس
آئی جی پنجاب کا بڑے گروہوں کی گرفتاری کیلئے سپروائزری افسران کو ذاتی نگرانی میں ایکشن پلان تشکیل دینے کی ہدایت۔
مکروہ دھندے میں ملوث ڈیلرز، اسمگلرز اور استعمال کنندہ کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔ راؤ سردار علی خان

لاہور 03 جون -انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان کی ہدایت پر صوبہ بھر میں منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث مجرمان کے قلع قمع کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں۔ آئی جی پنجاب نے منشیات کے بڑے اسمگلرز، ڈیلرز اور سپلائی چین میں ملوث دیگرملزمان کی گرفتاری کیلئے سپروائزری افسران کو ذاتی نگرانی میں ایکشن پلان تشکیل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز منشیات فروشوں کے منظم گروپوں کے خلاف سخت ایکشن لیں۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ ماڈرن نشہ آور منشیات شیشہ، آئس، چرس، ہیروئن اور شراب کے استعمال پر کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے ہر حد تک محفوظ رکھا جاسکے۔ راؤ سردارعلی خان نے ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز میں منشیات کے استعمال اور خریدوفروخت میں ملوث افراد کے خلاف کاروائیوں کوتیز کیا جائے اور سپلائی چین دینے والے سماج دشمن عناصر کو قانون کی گرفت میں لاکر سخت سزائیں دلوائی جائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ عوامی آگاہی کیلئے محکمہ سکول و ہائر ایجوکیشن کے تعاون سے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں جاری آگاہی مہم کو بھی مزید موثر بنایا جائے اور اس برائی کے خاتمے کیلئے سول سوسائٹی، علمائے اکرام، اساتذہ اور والدین سمیت دیگر متعلقہ شعبوں کا تعاون حاصل کیا جائے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے رواں برس کے دوران صوبے کے تمام اضلاع میں منشیات فروشوں کے خلاف ہونے والی کاروائیوں کی تفصیل بارے بتایا کہ سال رواں کے پہلے پانچ ماہ کے دوران صوبہ بھر میں منشیات کی سپلائی چین میں ملوث اسمگلرز اور ڈیلرز کے خلاف 21726 مقدمات درج کیے گئے جبکہ اس مکروہ دھندے میں ملوث 22264 منشیات فروشوں، سمگلرز اور مجرمان کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 10770 کلو گرام چرس، 324 کلو گرام ہیروئن،  20855 گرام آئس اور 418215  لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہونے والے آپریشنز بارے ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور میں منشیات فروشوں کے خلاف 3270 مقدمات درج کرتے ہوئے 3321 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ گرفتار افراد کے قبضے سے  1392 کلو گرام چرس، 22 کلو ہیروئن، 3601 گرام آئس اور 25011 لیٹر شراب برآمد کی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں منشیات کے نقصانات اور استعمال کی روک تھام بارے آگاہی مہم میں تیزی لائی گئی ہے تاکہ طلبا و طالبات اور شہریوں کو منشیات کے ناقابل تلافی اثرات سے آگاہ کرتے ہوئے اسکی تباہ کاریوں سے ہر ممکن حد تک محفوظ رکھا جاسکے۔

(ہینڈ آؤٹ 284 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

**************************

Press Release Date: 
Friday, June 3, 2022