لاہور میں اغواء کاروں کے چنگل سے بازیاب ہونے والا کم سن بچہ عریض نارمل زندگی کی جانب لوٹنے لگا۔
پانچ سالہ عریض نے گھر والوں کے ساتھ دوبارہ ملانے پر پنجاب پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
والد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے مستقبل میں پولیس فورس جوائن کرنے کی خواہش ظاہر کردی۔
میں بہت خوش ہوں، پولیس انکل بہت اچھے ہیں۔میں بھی بڑا ہو کر پولیس افسر بنوں گا۔ کم سن عریض کا پیغام
لاہورکے علاقہ سندر کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے10کروڑ تاوان کیلئے اغواء ہونے والا کم سن بچہ عریض بحفاظت بازیابی کے بعد نارمل زندگی کی جانب لوٹنے لگاہے۔ پانچ سالہ عریض کے والد احمد یار نے بتایا کہ گھر واپسی کے بعد بھی عریض نے پہلے دو دن بڑے سہمے ہوئے انداز میں گذارے تاہم رفتہ رفتہ وہ اپنی گفتگو اور رہن سہن میں نارمل ہورہا ہے اور گھروالوں کے ساتھ اچھا وقت گذار رہا ہے۔ عریض کے والد احمد یار نے بتایا کہ پولیس کے کامیاب آپریشن نے عریض کو اپنا گرویدہ بنا لیا ہے اور عریض نے گھر والوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے مستقبل میں پولیس فورس جوائن کرنے کی خواہش ظاہر کردی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں عریض اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہتا ہے کہ میں بہت خوش ہوں، پولیس انکل بہت اچھے ہیں،میں بھی بڑا ہو کر پولیس افسر بنوں گا۔ عریض کے والد احمد یار نے کہاکہ وہ اپنے بیٹے کی خواہش پوری کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور اسے بہترین تعلیم و تربیت دلائیں گے تاکہ وہ پولیس فورس کا حصہ بن کر دوسرو ں کے کام آسکے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پانچ سالہ عریض کو لاہور کے علاقہ سندر کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے 13 مئی کو اسکی سوتیلی نانی نے آشنا کے ساتھ منصوبہ بندی سے 10 کروڑ روپے تاوان کے لیے اغواء کروایا تھا۔ انویسٹی گیشن پولیس لاہور نے پیشہ ورانہ مہارت اور سائنسی طریقہ تفتیش سے 18 روز بعد بچے کو بحفاظت بازیاب کروایا۔پولیس ٹیم نے دو ملزمان سجاد اور اکرم کو گرفتار کرلیا جن کے خلاف مزید کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔بچے کی بحفاظت بازیابی پر سوشل میڈیا پرعوامی حلقے پنجاب پولیس کی ستائش کر رہے ہیں جبکہ وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے بھی پنجاب پولیس کو شاباش دی ہے۔
(ہینڈ آؤٹ 280 )
اُسامہ محمود
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************
