آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کا پتوکی میں ڈاکوؤں کی 15 سالہ لڑکی سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس، آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب

آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کا پتوکی میں ڈاکوؤں کی 15 سالہ لڑکی سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس، آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب
تمام ملزمان کو جلد گرفتار کرکے سخت قانونی کاروائی کی ہدایت، ڈی پی او قصور متاثرہ فیملی کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔ آئی جی پنجاب
ملزمان کی گرفتاری کیلئے سی آئی اے اور ضلعی پولیس کی پانچ ٹیمیں تشکیل دے دیں۔ ڈی پی او قصور
بہت جلد تمام ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں پیش کردیا جائے گا۔ ڈی پی او قصور

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے پتوکی میں ڈاکوؤں کی 15 سالہ لڑکی سے  زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ راؤ سردار علی خان نے ہدایت کی کہ ڈی پی او قصور متاثرہ فیملی کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور متاثرہ لڑکی کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب کی ہدایت پر واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او قصور محمد صہیب اشرف موقع پر پہنچ گئے اور زیادتی کا شکار لڑکی کو میڈیکل کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ڈی پی او قصور نے بتایا کہ پنجاب فرانزک لیب اور کرائم سین یونٹ کی ٹیمیں جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے سی آئی اے اور ضلعی پولیس کی پانچ ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں۔ محمد صہیب اشرف نے بتایا کہ واقعہ میں ملوث ایک مشکوک فرد کو حراست میں لیا گیا ہے جس سے تفتیش جاری ہے۔ ڈی پی او قصور نے مزید کہا کہ قصور پولیس اس واقعہ کو ٹیسٹ کیس کے طور پر لے گی اور ملزمان کو بہت جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

(ہینڈ آؤٹ 267 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Thursday, May 26, 2022