آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی زیر صدارت غیر ملکی شہریوں کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کا اہم اجلاس

آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی زیر صدارت غیر ملکی شہریوں کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کا اہم اجلاس
غیر ملکی شہریوں بالخصوص چینی باشندوں سمیت حساس تنصیبات، قونصلیٹ اور اہم سرکاری دفاتر کے سکیورٹی انتظامات مزید بہتر کرنے کا حکم
غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے محکمہ داخلہ کے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب
چینی شہریوں، ماہرین اور سرمایہ کاروں کی رہائش گاہوں اور ورکنگ سائٹس کے سکیورٹی انتظامات کا از سر نو جائزہ لیا جائے۔ آئی جی پنجاب
ایس پی یو اہلکاروں کی فٹنس اور سکیورٹی انتظامات کی انسپکشن کیلئے موک ایکسر سائز باقاعدگی سے جاری رکھی جائیں۔ راؤ سردار علی خان

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردارعلی خان نے کہاہے کہ غیر ملکی شہریوں بالخصوص چینی باشندوں، ماہرین اور سرمایہ کاروں، قونصلیٹ دفاتر و سٹاف سمیت تمام حساس تنصیبات کی فول پروف سکیورٹی پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی ٹیمیں حساس مقامات، سرکاری دفاتر سمیت غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی کے فرائض پہلے سے زیادہ محنت، تندہی اور ہائی الرٹ ہو کر سر انجام دیں۔ راؤ سردار علی خان نے ہدایت کی کہ غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے محکمہ داخلہ کے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ائیر پورٹس پر قائم ایس پی یو ڈیسکوں پرغیر ملکی شہریوں کے کوائف کے اندراج کے عمل کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے اورپرائیویٹ سیکٹر میں کام کرنے والے غیر ملکی شہریوں بالخصوص چینی باشندوں کے اندراج کا عمل لازمی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ انکی سکیورٹی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ چینی شہریوں، ماہرین اور سرمایہ کاروں کی رہائش گاہوں اور ورکنگ سائٹس کے سکیورٹی انتظامات کا از سر نو جائزہ لیا جائے اور غیر ملکی شہریوں کو ہیلپنگ سٹاف فراہم کرنے والی نجی کمپنیوں کی نگرانی کا عمل بھی جاری رکھا جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز غیر ملکی شہریوں کے سکیورٹی انتظامات ذاتی نگرانی میں مزید بہتر بنائیں اورایس پی یو اہلکاروں کو فرائض کی ادائیگی کیلئے درکار وسائل اور سہولیات کی فراہمی میں کوئی کمی نہ آنے پائے۔ یہ ہدایات انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں غیر ملکی شہریوں کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے اہم اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو جاری کیں۔ اجلاس میں چینی ماہرین، غیر ملکی شہریوں اور حساس تنصیبات کے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب صاحبزادہ شہزاد سلطان نے غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے ہونے والے اقدامات بارے بریفنگ دی۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ حساس دفاتر کے سکیورٹی انتظامات کی انسپکشن اور سپیشل پروٹیکشن یونٹ اہلکاروں کی فٹنس چیکنگ کیلئے موک ایکسر سائز باقاعدگی سے جاری رکھی جائیں اور سکیورٹی ایس او پیز پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ غیر ملکی شہریوں بالخصوص چینی باشندوں سمیت حساس تنصیبات، قونصلیٹ اور اہم سرکاری دفاتر کے سکیورٹی انتظامات مزید بہتر کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب صاحبزادہ شہزاد سلطان اور ڈی آئی جی ایس پی یو منیر احمد ضیاء اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

(ہینڈ آؤٹ 257 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Friday, May 20, 2022