گورنمنٹ اسلامیہ ڈگری کالج قصور کے گیٹ پر فائرنگ کا واقعہ / دو ملزمان گرفتار، پسٹل برآمد
دو طلبا گروپوں کے درمیان جھگڑے سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ ڈی پی او قصور محمد صہیب اشرف
پولیس نے جائے واردات سے گیارہ موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے لیں۔ ڈی پی او قصور
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے آر پی او شیخوپورہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔
تعلیمی اداروں کی سکیورٹی اولین ترجیح، فائرنگ کے واقعات ہرگز قابل قبول نہیں۔ راؤ سردار علی خان
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کی فول پروف سکیورٹی پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے آر پی اوز، ڈی پی اوز ذاتی نگرانی میں ہر ممکن اقدامات یقینی بنائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ تعلیمی اوقات میں اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے گردونواح میں پٹرولنگ فورسز کے گشت کا دورانیہ بڑھایا جائے اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا لازمی انتظام ہونا چاہئے۔ راؤ سردار علی خان نے آر پی او شیخوپورہ سے قصور میں گورنمنٹ اسلامیہ کالج کے باہر ہونے والی فائرنگ کے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں فائرنگ کے واقعات ہرگز قابل قبول نہیں، سکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او قصور محمد صہیب اشرف نے بتایا کہ گورنمنٹ اسلامیہ ڈگری کالج قصورکے گیٹ پر فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور قصور پولیس نے کالج کے گیٹ پر فائرنگ کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ ملزمان کے قبضے سے ایک پسٹل بھی برآمد کر لیا گیا۔ ڈی پی او قصور محمد صہیب اشرف کے مطابق ابتدائی اطلاع کے مطابق دو طلبا گروپوں کے درمیان جھگڑے سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے جائے واردات سے گیارہ موٹر سائیکلیں قبضے میں لے لیں۔ڈی پی او قصور نے بتایا کہ بقیہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں، بہت جلد تمام ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں پیش کردیا جائے گا۔
(ہینڈ آؤٹ 253 )
اُسامہ محمود
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************
