حساس تنصیبات، عبادت گاہوں، تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کا ازسر نو جائزہ لینے کا حکم

May 14, 2022

انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے سماج دشمن عناصر کے خلاف انسدادی کاروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ راؤ سردار علی خان نے ہدایت کی کہ حساس تنصیبات، مذہبی عبادت گاہوں، تعلیمی اداروں اور غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کا از سر نو جائزہ لیا جائے اور سماج دشمن عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھے جائیں تاکہ کالعدم تنظیمیں اور تخریب کار امن عامہ خراب کرنے کے اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہوسکیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ حالیہ واقعات کے پیش نظر صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے ساتھ ساتھ کالعدم تنظیموں کی نگرانی کا عمل مزید موثر بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ کالعدم تنظیموں، دہشت گرد اورشدت پسندعناصر سمیت انکے سہولت کاروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور نیشنل ایکشن پلان کے وضع کردہ تمام قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ بین االاضلاعی اور بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر چیکنگ اور نگرانی کا عمل مزید بہتر کیا جائے اورسی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کی ٹیمیں انٹیلی جنس بیسڈ اور کومبنگ آپریشنز میں تیزی لائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ صوبائی دارالحکومت سمیت بڑے شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر نگرانی کا عمل مزید سخت کیا جائے او رتمام ٹیمیں ہائی الرٹ رہتے ہوئے پیشہ ورانہ ذمہ داریاں سر انجام دیں۔ آئی جی پنجاب نے یہ ہدایات صوبے میں امن و امان کی صورتحال بارے اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو جاری کیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے سماج دشمن ا ور شدت پسند عناصر کے خلاف ہونے والی کاروائیوں بارے بریفنگ دی جس پر آئی جی پنجاب نے ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے اور اس سلسلے میں جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ بین المذاہب ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے نفرت انگیز مواد کی نشر و اشاعت پر پابندی اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف قانون سرگرمیوں میں ملوث مجرمان کو قانون کی گرفت میں لاکر سخت سزائیں دلوائی جائیں۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے میں سی ٹی ڈی کا کردار اور خدمات قابل ستائش ہیں، افسران واہلکار اسی جذبے اور فرض شناسی کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کا سلسلہ جاری رکھیں او ر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔

(روزنامہ نوائے وقت)

***********