خطرناک گینگز کی گرفتاری کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے مدد لی جائے۔ آئی جی

May 13, 2022

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردارعلی خان نے کہاہے کہ جرائم کی وارداتوں میں ملوث خطرناک منظم گینگز کی گرفتاری کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت سمیت تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے ڈکیتی، رابری، اغواء برائے تاوان اور قتل سمیت دیگر منظم جرائم میں ملوث بڑے گینگزکی فوری طور پر پروفائلنگ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کے ذریعے ہونے والی پروفائلنگ میں خطرناک گینگز کے سرغنہ،ممبران اورسہولت کاروں کی تفصیل شامل کی جائے۔راؤ سردار علی خان نے لاہور سے منظم جرائم کے خاتمے کیلئے سپروائزری افسران کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ پروفائلنگ کے بعد سنگین جرائم میں ملوث عادی مجرمان اور انکے سہولت کاروں کی بیخ کنی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں اور منظم جرائم میں ملوث سماج دشمن عناصر کے خاتمے کیلئے پائلٹ پراجیکٹ رواں ماہ ہی لاہور سے شروع کیا جائے۔  

(روزنامہ اوصاف)

************