پنجاب: چارماہ میں 17174 منشیات فروشوں اور سمگلرز گرفتار

May 11, 2022

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان کی ہدایت پر صوبہ بھر میں منشیات کے قلع قمع کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث مجرمان کو پابند سلاسل کرنے کیلئے آر پی اوز، ڈی پی اوز ذاتی نگرانی میں بروقت اقدامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ماڈرن نشہ آور منشیات شیشہ،آئس،چرس، ہیروئن اور شراب کے استعمال پر کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے ہر حد تک محفوظ رکھا جاسکے۔ راؤ سردارعلی خان نے ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر میں تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز میں منشیات کے استعمال اور خریدوفروخت میں ملوث افراد کے خلاف کاروائیوں کوتیز کیا جائے اور سپلائی چین دینے والے سفاک ملزمان کو قانون کی گرفت میں لاکر سخت سزائیں دلوائی جائیں۔
ترجمان پنجاب پولیس نے رواں برس کے دوران صوبے کے تمام اضلاع میں منشیات فروشوں کے خلاف ہونے والی کاروائیوں کی تفصیل بارے بتایا کہ سال رواں کے پہلے چارماہ کے دوران صوبہ بھر میں منشیات کی سپلائی چین میں ملوث اسمگلرز اور ڈیلرز کے خلاف16714 مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ اس مکروہ دھندے میں ملوث 17174 منشیات فروشوں، سمگلرز اور مجرمان کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے 8347 کلو گرام چرس،269  کلو گرام ہیروئن، 13440 گرام آئس اور 271940 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ اسی طرح لاہور میں منشیات فروشوں کے خلاف 2438  مقدمات درج کرتے ہوئے 2482 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ لاہور میں گرفتار افراد کے قبضے سے 1171کلو گرام چرس،22کلو ہیروئن، 103گرام آئس اور 17979لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے صوبے کے باقی ریجنز میں ہونے والی کاروائیوں بارے بتایا کہ شیخوپورہ ریجن میں منشیات فروشوں کے خلاف 1236 مقدمات درج کرتے ہوئے 1316 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ گرفتار افراد کے قبضے سے832کلو گرام چرس، 36کلو ہیروئن، 566گرام آئس اور15409لیٹر شراب برآمد کی گئی۔

(روزنامہ ایکسپریس)

**********