ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی شاہد حنیف کی ریٹائرمنٹ پر تقریب

May 10, 2022

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہاہے کہ شاہد حنیف کا شمار پاکستان پولیس سروس کے انتہائی قابل، فرض شناس اور ایماندار افسران میں ہوتا ہے جنہوں نے پیشہ ورانہ کیرئیر کے دوران تفویض ہونے والی ہر ذمہ داری کو بطریق احسن سر انجام دیا۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ شاہد حنیف نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے ایلیٹ فورس، ٹریننگ اور پی ایچ پی کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا بلکہ اپنے اختیارات سے عام شہریوں اور پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا۔ انہوں نے کہاکہ شاہد حنیف نے بطور سپروائزری آفیسر مختلف عہدوں پر انتہائی ذمہ داری کے ساتھ فرائض ادا کرکے اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے اور عوامی مسائل کے بروقت حل اور انہیں انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈیشنل آئی جی شاہد حنیف کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا۔ سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، سی سی پی او لاہور سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی شاہد حنیف اپنی مدت ملازمت مکمل کرنے کے بعد پولیس سروس سے ریٹائرڈ ہو گئے ہیں وہ ان دنوں سنٹرل پولیس آفس میں ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی کے عہدے پر فرائض سر انجام دے رہے تھے۔
تقریب میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ ملک علی عامر، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان،ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس محمد فاروق مظہر،ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ کنور شاہ رخ،ایڈیشنل آئی جی بی اے ناصر سمیت دیگر افسران نے بھی اظہار خیال کیا۔افسران نے ایڈیشنل آئی جی شاہد حنیف کے ساتھ سروس میں گزرے وقت اور یادوں کو تازہ کرتے ہوئے کہاکہ شاہد حنیف نے پنجاب، خیبر پختونخواہ اور سندھ پولیس میں بطور فیلڈ و کمانڈ آفیسر شاندار خدمات سر انجام دی ہیں اور انکا کیرئیر نوجوان پولیس افسران کیلئے بہترین مثال ہے۔تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے الوداعی تقریب منعقد کرنے پر شاہد حنیف نے آئی جی پنجاب کااظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ اپنے تمام سینئرز اور جونیئرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کے تعاون سے دوران سروس ہر ذمہ داری کو احسن انداز میں ادا کرنے میں کامیاب رہا۔ شاہد حنیف نے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ میں نے ہمیشہ عوام کی خدمت و حفاظت کو اپنا شعار سمجھا اورپوری ایماندار ی کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں کی خدمت کرنے کے لیے پولیس سروس بہترین گروپ ہے اورمحکمہ پولیس کیلئے مستقبل میں بھی بوقت ضرورت میری خدمات ہمیشہ دستیاب ہونگی۔ تقریب کے اختتام پر آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان اور دیگر افسران نے شاہد حنیف کو اعزازی سووینئر، یادگاری شیلڈ اور دیگر تحائف پیش کئے۔

(روزنامہ ایکسپریس)

************