پنجاب پولیس وہاڑی کی اہم کاروائی۔ 10 کروڑ مالیت کے الکوحل/سپرٹ سے بھرے دو کنٹینرز اور ایک کار قبضے میں لے لی۔

پنجاب پولیس وہاڑی کی اہم کاروائی۔ 10 کروڑ مالیت کے الکوحل/سپرٹ  سے بھرے دو کنٹینرز اور ایک کار قبضے میں لے لی۔
کنٹینرز سے ایک لاکھ 6 ہزار لیٹر جبکہ کار سے 450 لیٹر الکوحل/سپرٹ برآمد۔ 6 ملزمان گرفتار
ملزمان ڈیلرز کو الکوحل/سپرٹ کی سپلائی دینے کے دوران پکڑے گئے۔ الکوحل/سپرٹ سے جنوبی پنجاب میں زہریلی شراب تیار کی جاتی ہے۔
ڈی پی او وہاڑی کی پولیس پارٹی کو شاباش اور کارکردگی کو سراہا۔منشیات کے قلع قمع کیلئے آپریشنز جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس راؤ سردار علی خان کی ہدایت پر صوبہ بھر میں منشیات کے قلع قمع کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں اسی سلسلہ میں ڈی پی او وہاڑی طارق عزیز کی سربراہی میں وہاڑی پولیس نے 1 لاکھ 6 ہزار لیٹر الکوحل/سپرٹ کی بڑی کھیپ برآمد کرلی۔ 6 ملزمان گرفتار. ملزمان سے دو کنٹینراور کار بھی برآمد۔ ملزمان سیل توڑ کر ڈیلرز کو منشیات الکوحل/سپرٹ کی سپلائی دے رہے تھے کہ پکڑے گئے۔ الکوحل/سپرٹ سے جنوبی پنجاب میں زہریلی شراب تیار کی جاتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او طارق عزیز کی قیادت میں پولیس تھانہ ٹبہ سلطان پور نے مخبری پر میتلا چوک میں ریڈ کر کے جنوبی پنجاب کے بڑے ڈیلرز کو الکوحل/سپرٹ کی دی جانے والی سپلائی پکڑ لی۔ ایس ایچ او ٹبہ سلطان پور ظہور احمد چھینہ نے ٹیم کے ہمراہ ریڈ کر کے الکوحل/سپرٹ سے بھرے دو کنٹینرز نمبری TMF 230۔ K 9151 اور کار نمبری LEA 4530  کو قبضہ میں لے لیا ہے۔ کنٹینرز میں سے ایک لاکھ 6 ہزار،  جبکہ کار میں سے 450 لیٹر الکوحل/سپرٹ برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے کنٹینرز ڈرائیور ولایت خان، نیاز اللہ اور ہیلپر عرفان اللہ اور الکوحل خریدنے کے لئے آئے ہوئے تین ڈیلرز مظہر حسین، محمد عارف اور مجاہد کو حراست میں لے لیا ہے۔ کنٹینرز شیخوپورہ سے الکوحل/سپرٹ لیکر مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئے کراچی جاتے ہیں۔ ان میں تقریبا دس کروڑ روپے مالیت کی الکوحل/سپرٹ ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ یہ الکوحل/سپرٹ میڈیسن سمیت مختلف پراڈکٹس میں استعمال ہوتی ہے جبکہ کراچی لے جانے کی بجائے کنٹینرز ڈرائیور میتلا چوک میں کمپنی کی سیلیں توڑ کر الکوحل/سپرٹ فروخت کر رہے تھے کہ وہاڑی پولیس نے جنوبی پنجاب کے بڑے ڈیلر محمد اقبال کے کارندے مظہر حسین کو بھی گرفتار کر لیا ہے جس نے ابتدائی تفتیش میں بتایا ہے کہ وہ محمد اقبال کے لئے کام کرتا ہے اور پکڑی جانے والی کار بھی محمد اقبال کی ہے جو ریکارڈ یافتہ ہے اور الکوحل/سپرٹ سے زہریلی شراب تیار کرتا ہے۔ مظہر حسین کی کار سے 450 لیٹر الکوحل/سپرٹ برآمد ہوئی ہے۔ پولیس تھانہ ٹبہ سلطان پور نے ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لئے ہیں۔ ڈی پی او طارق عزیز نے کہا کہ پولیس تھانہ ٹبہ سلطان پور کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔ الکوحل/سپرٹ کی بڑی کھیپ پکڑنے والی ٹیم کو انعام اور سرٹیفکیٹ سے نوازا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ منشیات معاشرے کا ناسور ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ کنٹینرز ڈرائیور نے سیلیں توڑ کر منشیات فروخت کرنے کا جرم کیا ہے جس پر انہیں سخت سزائیں دلوائی جائیں گی۔

(ہینڈ آؤٹ 235 )

اُسامہ محمود

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Sunday, May 8, 2022